نئی دہلی/ آواز دی وائس
حال ہی میں وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے پاکستان کو لے کر سخت بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی ملک اپنے ہمسایہ کے خلاف دہشت گردی کی حمایت کرتا ہے، تو اس کے خلاف عوامی طور پر آواز اٹھانا ضروری ہو جاتا ہے۔ جے شنکر نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی انسانیت کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے، اور جو ممالک اس کی حمایت کرتے ہیں انہیں جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ ان کا یہ بیان نیویارک کے مین ہیٹن میں 9/11 میموریل کے قریب ’ون ورلڈ ٹریڈ سینٹر‘ میں نیوز ویک کے صدر دفتر میں، نیوز ویک کے سی ای او دیو پرگد سے بات چیت کے دوران سامنے آیا۔
ہندوستان جوہری حملے کی دھمکیوں سے نہیں ڈرے گا
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پہلگام کا دہشت گردانہ حملہ کشمیر میں سیاحت کو تباہ کرنے کی نیت سے کیا گیا ایک اقتصادی جنگ تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان نے صاف کر دیا ہے کہ وہ پاکستان کی دہشت گردی کے جواب میں کسی صورت جوہری بلیک میل کو برداشت نہیں کرے گا۔ جے شنکر نے پیر کے روز کہا کہ ہندوستان کو کئی برسوں سے پاکستان کی دہشت گردی کا سامنا رہا ہے، اور 22 اپریل کو پہلگام حملے کے بعد ملک میں یہ احساس شدت اختیار کر گیا کہ اب بہت ہو چکا، اور اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پہلگام حملے کا مقصد کشمیر میں سیاحت کو تباہ کرنا تھا
جے شنکر نے کہا کہ پہلگام حملے کا مقصد کشمیر میں سیاحت کو ختم کرنا تھا، جو وہاں کی معیشت کا بنیادی ستون ہے۔ اس کا ایک مقصد مذہبی فسادات بھڑکانا بھی تھا، کیونکہ متاثرین کو قتل کرنے سے پہلے ان کا مذہب پوچھا گیا۔ اسی لیے ہم نے فیصلہ کیا کہ ان دہشت گردوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔ اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ سرحد پار ہونے کی وجہ سے وہ بچ جائیں گے تو ان کے اس وہم کو توڑنا ضروری ہے، اور ہم نے وہی کیا۔
ہندوستان نے "آپریشن سیندور" میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا
انہوں نے اپنے دورے کا آغاز اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں "دہشت گردی کا انسانی نقصان" کے عنوان سے نمائش کا افتتاح کر کے کیا، جس کا انعقاد ہندوستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مشن نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود وہ دہشت گرد جو ہندوستان کے خلاف حملے کرتے ہیں، وہ خفیہ طریقے سے کام نہیں کرتے۔ یہ وہ تنظیمیں ہیں جن کے پاکستان کے گنجان آباد شہروں میں کارپوریٹ ہیڈکوارٹر جیسے دفاتر موجود ہیں۔ ہر کوئی جانتا ہے کہ تنظیم اے اور تنظیم بی کے صدر دفاتر کہاں ہیں، اور یہی وہ عمارتیں اور ہیڈکوارٹر ہیں جنہیں ہندوستان نے "آپریشن سیندور" میں تباہ کیا۔
آپریشن سیندور" — 26 افراد کے قتل کا بدلہ
آپریشن سیندور" پاکستان اور پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر میں دہشت گردی کے ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے شروع کیا گیا تھا، جو پہلگام حملے میں 26 شہریوں کے قتل کا بدلہ تھا۔ جے شنکر نے کہا کہ ہم بالکل واضح ہیں کہ دہشت گردوں کو کسی قسم کی سزا سے چھوٹ نہیں دی جائے گی۔ ہم انہیں اب کسی اور کے نمائندے (پراکسی) کے طور پر نہیں دیکھیں گے، اور نہ ہی اس حکومت کو بخشیں گے جو انہیں مدد، مالی اعانت اور دیگر طریقوں سے سہارا دیتی ہے۔ ہم جوہری بلیک میل کو اپنے دفاع کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔
دہشت گردوں کی مدد کرنے والے بھی نہیں بچیں گے
انہوں نے کہا کہ ہم نے کافی عرصے تک یہ سنا کہ ہندوستان اور پاکستان دونوں جوہری طاقتیں ہیں، اور اس لیے اگر دوسرا فریق کوئی خطرناک حرکت کرتا ہے، تو آپ کو کچھ نہیں کرنا چاہیے کیونکہ دنیا فکر مند ہو جاتی ہے۔ لیکن اب ہم نہیں جھکیں گے۔ اگر وہ حملہ کرے گا، تو ہم بھی جائیں گے اور ان لوگوں کو نشانہ بنائیں گے جنہوں نے یہ حملہ کیا۔
اس لیے اب نہ جوہری بلیک میل کے سامنے جھکنا ہے، نہ دہشت گردوں کو سزا سے استثنیٰ دینا ہے، اور نہ ہی انہیں محض پراکسی کہہ کر چھوڑ دینا ہے۔ ہم اپنے لوگوں کی حفاظت کے لیے جو کچھ کرنا پڑے گا، ضرور کریں گے۔