ہندوستان نے ٹرمپ-پوتن مذاکرات میں پیشرفت کا خیرمقدم کیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-08-2025
ہندوستان نے ٹرمپ-پوتن مذاکرات میں پیشرفت کا خیرمقدم کیا
ہندوستان نے ٹرمپ-پوتن مذاکرات میں پیشرفت کا خیرمقدم کیا

 



 نئی دہلی: ہندوستان نے الاسکا میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کی سربراہی ملاقات کے دوران روس۔یوکرین جنگ بندی سے متعلق مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس مسئلے کا حل صرف بات چیت اور سفارت کاری سے ہی نکل سکتا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر سنگھ جیسوال نے ہفتے کے روز کہا کہ ہندوستان الاسکا میں صدر ٹرمپ اور صدر پوتن کی ملاقات کا خیر مقدم کرتا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کو مثبت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے روس اور یوکرین کے درمیان تنازع کے جلد حل ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ دنیا چاہتی ہے کہ یوکرین جنگ کا فوری خاتمہ ہو۔

قابل ذکر ہے کہ اگرچہ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کا کوئی براہِ راست نتیجہ برآمد نہیں ہوا، لیکن اس نے کئی مثبت اشارے ضرور دیے ہیں۔

اس ملاقات میں صدر پوتن اور صدر ٹرمپ کے ساتھ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف، روسی صدر کے معاون یوری یوشاکوف، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور خصوصی ایلچی سٹیو وٹ کوف بھی شریک تھے۔ یہ ملاقات تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہی۔ روس۔یوکرین جنگ بندی پر ہونے والی بات چیت میں یوکرین کا کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔

واضح رہے کہ یہ سربراہی اجلاس ہندوستان کے نقطہ نظر سے اس لیے بھی اہم سمجھا جا رہا تھا کیونکہ امریکہ نے روس سے تیل خریدنے پر ہندوستان پر اضافی درآمدی ڈیوٹی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔