نئی دہلی: ہندوستان اور امریکہ 8 جولائی سے قبل ایک عبوری تجارتی معاہدے کا اعلان کر سکتے ہیں، جس کے تحت ہندوستان نے گھریلو مصنوعات پر عائد 26 فیصد اضافی کسٹم ڈیوٹی سے مکمل چھوٹ کی مانگ کی ہے۔ ایک سرکاری اہلکار نے بدھ کے روز یہ معلومات فراہم کیں۔ یاد رہے کہ امریکہ نے 2 اپریل کو ہندوستانی مصنوعات پر 26 فیصد اضافی جوابی ٹیکس عائد کیا تھا، تاہم چند دن بعد ہی اسے 3 ماہ کے لیے، یعنی 9 جولائی تک معطل کر دیا گیا۔
حالانکہ امریکہ کی طرف سے عائد 10 فیصد بنیادی محصول اب بھی نافذ العمل ہے۔ اہلکار کے مطابق، اپنے حساس شعبوں کو تحفظ فراہم کرنے کی غرض سے، ہندوستان کی کوشش ہے کہ عبوری تجارتی معاہدے میں کچھ کوٹہ یا کم از کم درآمدی قیمت کی شمولیت ہو۔ ان حساس شعبوں میں زرعی مصنوعات اور ڈیری اشیاء شامل ہیں۔
ہندوستان کے وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل، تجارتی معاہدے پر مذاکرات کو تیز کرنے کے لیے رواں ہفتے کے آغاز میں امریکہ کے دورے پر گئے، جہاں انہوں نے امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر اور امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹّنک کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ اہلکار نے مزید کہا،معاہدے پر بات چیت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ ہم پہلے مرحلے سے قبل ایک عبوری معاہدے کو 8 جولائی سے پہلے مکمل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
اس میں اشیاء، غیر ٹیرف رکاوٹیں، اور ڈیجیٹل خدمات کے کچھ شعبے شامل ہوں گے۔ ہم یہ کوشش کر رہے ہیں کہ ہندوستان پر 26 فیصد اضافی اور 10 فیصد بنیادی ٹیکس نہ لگے۔ حکام کے مطابق، ہندوستان نے امریکہ سے اپنے محنتی شعبوں جیسے ٹیکسٹائل (کپڑے) اور چمڑے کی صنعت کے لیے بھی رعایتوں کی درخواست کی ہے۔
حالانکہ ٹرمپ انتظامیہ کو سب سے زیادہ پسندیدہ قوم کے لیے محصولات کی شرحوں کو گھٹانے کے لیے امریکی کانگریس سے منظوری لینا ہوگی، لیکن انتظامیہ کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ ہندوستان سمیت کئی ممالک پر عائد جوابی محصولات کو ختم کر دے۔ ہندوستان کی خواہش ہے کہ مجوزہ دو طرفہ تجارتی معاہدے کا پہلا مرحلہ ستمبر-اکتوبر 2025 تک مکمل ہو۔ اس میں وہ امریکہ سے محنتی شعبوں کے لیے محصولات میں رعایتوں پر کچھ مضبوط وعدے حاصل کرنا چاہتا ہے۔
ہندوستان اور امریکہ نے 2030 تک باہمی تجارت کو دوگنا سے زائد، یعنی 500 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف طے کیا ہے، جس کے لیے بی ٹی اے کو ایک اہم قدم مانا جا رہا ہے۔ وزارتی سطح پر ملاقاتوں کے بعد دونوں ممالک کے مرکزی مذاکرات کاروں کے درمیان بات چیت 22 مئی تک جاری رہے گی۔ دونوں ملکوں کے حکام چاہتے ہیں کہ وہ 90 دن کے لیے اعلیٰ کسٹم ڈیوٹی پر جو التوا دیا گیا ہے، اس مدت کے ختم ہونے سے قبل کوئی عبوری معاہدہ طے پا جائے۔