ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان جلد ہو سکتا ہے سماجی تحفظ کا معاہدہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 02-07-2025
ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان جلد ہو سکتا ہے سماجی تحفظ کا معاہدہ
ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان جلد ہو سکتا ہے سماجی تحفظ کا معاہدہ

 



نئی دہلی: ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان سماجی تحفظ سے متعلق ایک اہم معاہدہ جلد ہی طے پا سکتا ہے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے کا حصہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق برطانیہ اس معاہدے پر اصولی رضامندی دے چکا ہے اور جلد ہی اسے باضابطہ طور پر نافذ کیا جائے گا۔

اس سے بیرون ملک کام کرنے والے ہندوستانی ملازمین کو دوہری سماجی تحفظ اسکیم میں شرکت کی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے انہیں زبردست فائدہ ملے گا۔ یہ ایک ایسا معاہدہ ہوتا ہے جس کے تحت کسی ملک میں کام کرنے والے غیر ملکی ملازمین کو اس ملک کی سوشل سیکیورٹی اسکیم میں الگ سے تعاون (کنٹریبیوشن) نہیں دینا پڑتا۔ اس طرح نہ صرف ان کی تنخواہ سے کٹوتی نہیں ہوتی، بلکہ وہاں کام کرنے کی مدت کا فائدہ انہیں پنشن یا دیگر سہولیات کی صورت میں ملتا ہے۔

اب تک ہندوستان نے کینیڈا، جاپان، آسٹریلیا، جرمنی، سویڈن، برازیل سمیت 22 ممالک کے ساتھ ایسے معاہدے کیے ہیں۔ ان ممالک میں کام کرنے والے ہندوستانی ملازمین کو وہاں کے مقامی ملازمین کے برابر حقوق حاصل ہوتے ہیں۔ اگر برطانیہ کے ساتھ بھی یہ معاہدہ ہو جاتا ہے تو برطانیہ میں کام کرنے والے ہزاروں ہندوستانی ملازمین کو براہ راست فائدہ ہوگا۔

وہ ہندوستانی ملازمین جو بیرونِ ملک تعیناتی پر جاتے ہیں، انہیں ایمپلائیز پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن سے "سرٹیفیکیٹ آف کوریج حاصل کرنا پڑتا ہے۔ اس سرٹیفکیٹ کے ذریعے وہ یہ ثابت کرتے ہیں کہ وہ ہندوستان میں سوشل سیکیورٹی میں تعاون دے رہے ہیں، لہٰذا انہیں بیرون ملک دوبارہ تعاون کی ضرورت نہیں۔ اس سے نہ صرف ملازمین کو فائدہ ہوتا ہے بلکہ ان کی کمپنی بھی دوہرے تعاون سے بچ جاتی ہے۔

مرکزی وزیر محنت منسکھ مانڈویا نے کہا کہ حکومت اب مستقبل میں جن ممالک کے ساتھ بھی آزاد تجارتی معاہدے کرے گی، ان میں سماجی تحفظ کا معاہدہ لازمی طور پر شامل کیا جائے گا۔ اس سے تارکین وطن ہندوستانیوں کی سماجی تحفظ کی پوزیشن مضبوط ہوگی اور انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان جو آزاد تجارتی معاہدہ آخری مرحلے میں ہے، اس میں سماجی تحفظ پر بھی اتفاق ہو چکا ہے۔ بہت جلد اس کی سرکاری سطح پر اعلان کیا جا سکتا ہے۔ اس سے ہندوستان سے برطانیہ جانے والے ملازمین کو براہ راست فائدہ ہوگا۔ یہ قدم نہ صرف ہندوستانی تارکین وطن ملازمین کو فائدہ پہنچائے گا بلکہ ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی و سماجی رشتے بھی مزید مستحکم ہوں گے۔ حکومت کا ماننا ہے کہ اس سے ہندوستان کو دیگر ممالک کے ساتھ بھی اسی طرز کے معاہدے کرنے میں تقویت ملے گی اور ملک کی "ورک فورس ڈپلومیسی" کو نئی سمت ملے گی۔