اندور (مدھیہ پردیش): وزیرِاعظم جن دھن یوجنا کو ملک کی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں مددگار قرار دیتے ہوئے ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر سنجے ملہوترا نے ہفتے کے روز کہا کہ ملک جلد ہی دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے والا ہے۔
انہوں نے یہ بات ایسے وقت میں کہی جب موجودہ مالی سال کی اپریل تا جون سہ ماہی میں ملک کی معاشی شرحِ نمو توقع سے بہتر یعنی 7.80 فیصد رہی، جو امریکہ کی بھاری محصولاتی پالیسی سے پہلے کی پانچ سہ ماہیوں میں سب سے زیادہ ہے۔
ملہوترا نے اندور کے رنگواسا گاؤں میں سرکاری بینکوں کے مالی شمولیتی مہم میں کہا کہ 11 سال قبل مرکزی حکومت اور ریزرو بینک نے بینکوں کے ساتھ مل کر وزیرِاعظم جن دھن یوجنا کے تحت مالی شمولیت کی مہم شروع کی تھی، جس کے نتیجے میں پورے ملک میں ترقی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’آج دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہندوستان کی گنتی پانچویں نمبر پر کی جارہی ہے اور بہت جلد ہی ہندوستان اس فہرست میں تیسرا سب سے بڑا ملک بننے والا ہے۔‘‘
ملہوترا نے مزید کہا کہ ملک کی ترقیاتی یاترا میں ہر طبقے اور ہر علاقے کے لوگوں کو شامل کرنے کے لیے وزیرِاعظم جن دھن یوجنا کے تحت 55 کروڑ افراد کے کھاتے کھولے گئے ہیں اور انہیں بچت، پنشن، بیمہ، قرض اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اس پروگرام میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے چیئرمین سی ایس شیٹّی بھی موجود تھے۔