جولائی میں اوسط سے زیادہ بارش کا امکان

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 01-07-2025
 جولائی میں اوسط سے زیادہ بارش کا امکان
جولائی میں اوسط سے زیادہ بارش کا امکان

 



ممبئی : ہندوستان میں جولائی کے مہینے میں معمول سے زیادہ مون سون بارشیں ہونے کا امکان ہے، جو ملک کی معیشت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ یہ بات محکمہ موسمیات کے ایک سینئر عہدیدار نے پیر کو بتائی۔جون میں ملک میں 9 فیصد زائد بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔بھارت کی تقریباً 4 کھرب ڈالر کی معیشت میں مون سون بارشیں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں کیونکہ یہ زرعی زمینوں کو 70 فیصد پانی فراہم کرتی ہیں اور زیر زمین پانی اور آبی ذخائر کو بھی بھر دیتی ہیں۔بھارت کی تقریباً نصف زرعی زمین سیراب نہیں ہوتی اور وہاں فصلوں کی بڑھوتری سالانہ جون سے ستمبر تک ہونے والی بارشوں پر منحصر ہوتی ہے۔

انڈیا میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) کے ڈائریکٹر جنرل مرتیونجے موہاپاترا نے ورچوئل نیوز کانفرنس میں بتایا کہ جولائی میں شمال مشرقی ریاستوں اور جنوبی ریاستوں تمل ناڈو اور کیرالہ کو چھوڑ کر باقی تمام علاقوں میں 50 سالہ اوسط سے 106 فیصد سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔مرتنجے موہاپاترا کے مطابق سویا بین اور کپاس اگانے والی ریاستیں جیسے مہاراشٹر، گجرات اور مدھیہ پردیش میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی، اسی طرح چاول اگانے والی شمالی اور زیادہ تر مشرقی ریاستوں میں بھی۔بھارت میں جون میں اوسط طویل مدتی بارشوں سے 9 فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں کیونکہ مون سون اپنی معمول کی تاریخ سے نو دن پہلے پورے ملک میں پھیل گیا تھا۔

عام طور پر کسان چاول، مکئی، کپاس، سویا بین اور گنے جیسی گرمیوں کی فصلیں مون سون کی بارشوں کی آمد کے بعد ہی بوتے ہیں۔زرعی وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق مون سون کی قبل از وقت آمد اور معمول سے زیادہ بارشوں کی وجہ سے گرمیوں کی فصلوں کی بوائی میں تیزی آئی ہے۔ پیر تک کسانوں نے 2 کروڑ 62 لاکھ ہیکٹر زمین پر گرمیوں کی فصلیں بو دی تھیں، جو گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 11.3 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ سال 24 لاکھ ہیکٹر کے مقابلے میں اس سال 35 لاکھ ہیکٹر پر چاول بویا گیا۔ اسی طرح کسانوں نے 40 لاکھ ہیکٹر کے مقابلے میں اس سال 49 لاکھ ہیکٹر زمین پر تیل دار بیج، جن میں سویا بین بھی شامل ہے، بوئے ہیں۔

ممبئی میں ایک عالمی تجارتی ادارے سے وابستہ ڈیلر نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے زمین میں نمی کی سطح بہتر ہوئی ہے جس سے آئندہ ہفتوں میں بوائی کی رفتار مزید بڑھے گی۔اس ڈیلر نے کہا، "جولائی کی بارشیں گرمیوں کی فصلوں کے لیے بہت اہم ہیں۔ اگر مون سون جولائی میں بھی اضافی بارشیں فراہم کرے تو ہم اچھی پیداوار کی توقع کر سکتے ہیں۔