ہندوستان آج بھی خلا سے سارے جہاں سے اچھا دكھتا ہے : شبھانشو شکلا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-08-2025
ہندوستان آج بھی خلا سے سارے جہاں سے اچھا دكھتا ہے : شبھانشو شکلا
ہندوستان آج بھی خلا سے سارے جہاں سے اچھا دكھتا ہے : شبھانشو شکلا

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن  پر کامیاب مشن کے بعد جمعرات کو دہلی میں اپنے تجربات کو شیئر کیا۔ اسرو کے چیئرمین وی نارائنن کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں خلا نورد شبھانشو شکلا نے اپنے خلائی مشن کے تجربات کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ہم کسی کو اپنے کیپسول سے، اپنے راکٹ سے اور اپنی زمین سے خلا کی جانب روانہ ہوتے دیکھیں گے۔
خلا نورد شبھانشو شکلا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر مشن کا براہِ راست تجربہ بے حد قیمتی ہے اور یہ کسی بھی تربیت سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔ شبھانشو شکلا نے کہا كہ ہندوستان آج بھی خلا سے سارے جہاں سے اچھا دكھتا ہے  دکھائی دیتا ہے۔ جے ہند، جے ہندوستان۔
ایكسیوم -4 مشن پر گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا نے کہا كہ یہ مشن انتہائی کامیاب رہا۔ ہم اپنے تمام تکنیکی مقاصد کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ایسے مشن کی تکمیل سے بہت سا ایسا علم حاصل ہوتا ہے جسے نہ تو ناپا جا سکتا ہے اور نہ ہی درج۔ انسانی خلائی مشن انجام دینے کا فائدہ صرف تربیت سے کہیں زیادہ ہے۔ وہاں رہ کر ہمیں جو اضافی علم حاصل ہوتا ہے وہ بے حد قیمتی ہے۔
شبھانشو شکلا نے کہا كہ گزشتہ ایک سال میں میں نے جو بھی علم حاصل کیا ہے وہ ہمارے اپنے مشنز، گگن یان اور ہندوستانی خلائی اسٹیشن کے لیے بے حد کارآمد ہوگا۔ بہت جلد ہم اپنے کیپسول سے، اپنے راکٹ سے اور اپنی زمین سے کسی کو خلا میں بھیجیں گے۔ یہ تجربہ زمین پر حاصل ہونے والے تجربے سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔ جسم کئی تبدیلیوں سے گزرتا ہے، خلا میں 20 دن گزارنے کے بعد جسم کششِ ثقل میں رہنا بھول جاتا ہے۔
پریس بریفنگ کے دوران شبھانشو شکلا نے کہا کہ یہ پورے ملک کا مشن تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ہندوستانی حکومت، اسرو اور محققین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ دہلی میں منعقدہ اس پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسرو کے چیئرمین ڈاکٹر نارائنن نے کہا کہ 2015 سے 2025 کے درمیان اسرو کے مشنز کی تعداد 2005 سے 2015 کے درمیان مکمل کیے گئے مشنز کے مقابلے میں تقریباً دوگنی ہے۔
وزیر اعظم مودی اور راجناتھ سنگھ سے شبھانشو شکلا کی ملاقات
اس سے قبل گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے کامیاب مشن کے بعد جمعرات کو دہلی میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ اس سے قبل پیر کو شکلا نے وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی تھی۔ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کا کامیاب مشن مکمل کرنے کے بعد وہ 15 جولائی کو زمین پر واپس لوٹے اور اتوار کی صبح دہلی پہنچے۔