ہندوستان روسی جارحیت پرلگام لگائے : جماعت اسلامی ہند

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 25-02-2022
ہندوستان روسی جارحیت پرلگام لگائے : جماعت اسلامی ہند
ہندوستان روسی جارحیت پرلگام لگائے : جماعت اسلامی ہند

 

 

آواز دی وائس،نئی دہلی

جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی ہم یوکرین میں جنگ کی حالت پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ دنیا ابھی تک کورونا کی تباہی سے نہیں نکل سکی اور اب عوام پر جنگ مسلط کی جا رہی ہے۔ ہر طرح کا خدشہ ہے کہ یہ فوجی کارروائی جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ اگر ایسا ہوا تو یہ دنیا کے لیے تباہی کا باعث ہو گا۔ ہم ایک مہذب دنیا میں رہتے ہیں جہاں قوموں کے درمیان اختلافات اور تنازعات کو سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

 سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ انہوں نے حکومت ہند سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہند حکومت ہند پر زور دیتی ہے کہ وہ اس تنازع کو حل کرنے میں مثبت سفارتی کردار ادا کرے اور حملہ آور ممالک پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر جنگ اور تنازعہ کو ختم کرنے پر آمادہ کرے۔

  انہوں نے کہا کہ ہم حکومت ہند سے یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے۔

ہمیں وہاں پھنسے ہوئے 20,000 سے زیادہ طلباء کے بارے میں خاص طور پر تشویش ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ تمام ممکنہ زمینی اور فضائی راستوں کا استعمال کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد مفت واپس لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ طلباء ہوائی سفر کے زیادہ اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔ اس لیے سفری انتظامات اور سفری اخراجات دونوں میں حکومت کا فوری اور مکمل تعاون ضروری ہو گیا ہے۔

امیر جماعت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس تنازع نے ایک بار پھر عالمی طاقتوں کی منافقت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ وہی قوتیں جنہوں نے حالیہ دنوں میں عراق، افغانستان اور دیگر ممالک میں تباہی مچائی تھی اب روسی حملے پر نوحہ کناں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپر پاورز کے یہ دوہرے معیارات عالمی بدامنی کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ جیسے اداروں کو جمہوری اور انسانی بنیادوں پر دوبارہ منظم کیا جائے اور دنیا مظلوم اورظالم کی تفریق کے بغیر اصولوں پر مبنی مشترکہ نقطہ نظر کی طرف بڑھے۔