نئی دہلی/ آواز دی وائس
کانگریس پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ ششی تھرور نے امریکہ کی جانب سے ہندوستان پر عائد کیے گئے اضافی ٹیرف کو "ناانصافی" قرار دیا ہے۔ جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے تھرور نے کہا کہ چونکہ ہم روس سے پیٹرولیم مصنوعات، قدرتی گیس اور تیل خرید رہے ہیں، اس لیے امریکہ نے ہمارے اوپر اضافی ٹیرف لگایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین ہم سے دوگنا تیل خرید رہا ہے، مگر پھر بھی اسے دوگنا وقت دیا گیا ہے۔ ان کے بقول، واشنگٹن کی جانب سے اس فیصلے کے پیچھے کوئی دوسرا اشارہ یا پیغام چھپا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو اس مسئلے کو سمجھ کر مؤثر جواب دینا چاہیے۔ اگر وہ ہمارے ساتھ ایسا سلوک کرتے ہیں، تو ہمیں بھی امریکہ سے درآمدات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر دینا چاہیے۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ کوئی ملک کہیں بیٹھ کر ہمیں دھمکی دے؟
ششی تھرور نے مزید کہا کہ امریکہ سے آنے والی اشیاء پر ہمارا اوسط ٹیرف 17 فیصد ہے۔ ہمیں صرف 17 فیصد پر کیوں رکنا چاہیے؟ ہمیں اسے 50 فیصد تک بڑھا دینا چاہیے۔ ہمیں ان سے پوچھنا چاہیے کہ کیا انہیں ہمارے تعلقات کی کوئی پرواہ نہیں؟ اگر ہندوستان ان کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتا، تو پھر ہمیں بھی انہیں وہی اہمیت دینی چاہیے۔
ہندوستانی تجارت پر منفی اثر پڑے گا
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی جانب سے لگایا گیا اضافی ٹیرف ہندوستانی کمپنیوں کے کاروبار پر منفی اثر ڈالے گا۔ ان کے مطابق، ہندوستان اور امریکہ کے درمیان 90 بلین ڈالر کا تجارتی تبادلہ ہوتا ہے۔ اگر ہر چیز 50 فیصد مہنگی ہو جائے، تو خریدار بھی سوچیں گے کہ وہ ہندوستانی مصنوعات کیوں خریدیں۔
ششی تھرور نے یہ بھی کہا کہ ہمارے حریف ممالک جیسے پاکستان، ویتنام، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، اور چین اگر امریکہ کو یہی اشیاء کم ٹیرف پر بھیج رہے ہیں، تو ظاہر ہے کہ ان کی مصنوعات سستی ہوں گی اور اس کے نتیجے میں ہندوستانی مصنوعات امریکہ میں فروخت نہیں ہو پائیں گی۔