ہندوستان روسی تیل کے متبادل تلاش کرنے کے لیے تیار

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-08-2025
ہندوستان روسی تیل کے متبادل تلاش کرنے کے لیے تیار
ہندوستان روسی تیل کے متبادل تلاش کرنے کے لیے تیار

 



 راجیو نارائن

ایک ایسے اقدام میں جس نے عالمی سفارتی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے اور نئی دہلی میں سفارتی حساب کتاب کو تہ و بالا کر دیا ہے، امریکہ نے ہندوستان پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر دیا ہے، اس کا جواز یہ پیش کیا گیا کہ ہندوستان رعایتی نرخوں پر روسی تیل درآمد کر رہا ہے، جو ’’اصل اشتعال انگیزی‘‘ قرار دیا گیا۔ صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے اس فیصلے کو عملی جامہ پہنایا، جس کے نتیجے میں توانائی کے شعبے میں ایک ایسا تجارتی مسئلہ جو پہلے قابلِ انتظام تھا، اب اسٹریٹیجک تصادم کے مرکز میں آ گیا ہے۔ ہندوستان کے لیے اس کے اثرات وسیع ہیں-جی ڈی پی پر منفی اثرات، اہم برآمدات کو خطرہ، اور ایک زمانے میں مضبوط سمجھے جانے والے دو طرفہ تعلقات میں تناؤ۔

عالمی برادری کے لیے یہ قدم معاشی خود مختاری، پابندیوں کے نفاذ میں دوہرے معیار، اور تجارتی قوانین کے نفاذ و سیاسی دباؤ کے درمیان حدِ فاصل کے دھندلا جانے جیسے سوالات کو جنم دیتا ہے۔ ہندوستان اس وقت ایک ایسے دو راہے پر کھڑا ہے جہاں اسے ایک طرف اپنی خود مختاری کا دفاع کرنا ہے اور دوسری طرف اپنی معیشت کو ضمنی نقصان سے بچانا ہے۔

ہندوستان کا رعایتی روسی تیل خریدنے کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب 2022 میں یوکرین تنازع نے عالمی توانائی کی منڈی کو تہس نہس کر دیا۔ جب یورپ اور امریکہ نے روسی توانائی سے منہ موڑ لیا تو ماسکو نے اپنا خام تیل ایشیا کی طرف رعایتی نرخوں پر موڑ دیا۔ ہندوستان نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا۔

2024 تک ہندوستان کی خام تیل کی درآمدات میں روس کا حصہ 40 فیصد سے زیادہ ہو گیا، جو جنگ سے قبل صرف 2 فیصد تھا۔ اس سے ملکی معیشت کو ایندھن کی بڑھتی قیمتوں سے بچاؤ ملا اور نجی ریفائنریوں کو کم لاگت پر پیداواری فائدہ حاصل ہوا۔ اس وقت امریکہ نے بھی ہندوستان کی مجبوری کو تسلیم کیا اور روس-یوکرین تنازع میں ہندوستان کے غیر جانب دارانہ موقف کو سمجھتا نظر آیا۔

دوستی کا شیرازہ بکھر گیا

یہ دوستی ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کے ساتھ ہی بکھر گئی۔ مہینوں کی قیاس آرائیاں گزشتہ ہفتے اس وقت ختم ہو گئیں جب ٹرمپ نے ایک حکم نامے پر دستخط کیے، جس کے تحت ہندوستانی مصنوعات پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا گیا، اور کل بوجھ 50 فیصد تک پہنچ گیا۔ وجہ یہ بتائی گئی کہ ’’ہندوستان کا روس کے ساتھ تیل کا کاروبار جاری ہے‘‘ اور امریکہ نے الزام لگایا کہ ہندوستان ’’روسی جنگی کوششوں کو مالی مدد فراہم کر رہا ہے‘‘۔ یہ رویہ ایک ڈرامائی تبدیلی تھی-ایک سابقہ اتحادی کا سزا دینے والی سپر پاور میں بدل جانا۔

امریکی پالیسی میں اس تبدیلی کے کئی محرکات ہیں۔ ٹرمپ نے اس اقدام کو قومی سلامتی کے پردے میں پیش کیا، ایگزیکٹو اختیارات استعمال کرتے ہوئے ان ٹیرف کو ایک ضروری ردعمل قرار دیا، جیسا کہ ان کا کہنا تھا ’’ہندوستان ایک جارح ملک کی بالواسطہ مدد کر رہا ہے‘‘۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مذاکرات پہلے ہی پانچ دور کی بات چیت کے بعد تعطل کا شکار ہو چکے تھے، جن میں مارکیٹ تک رسائی، ڈیجیٹل ٹیکسیشن، زرعی رکاوٹیں اور ہندوستان کی ڈیری انڈسٹری کے تحفظ جیسے مسائل پر اختلاف شامل تھے۔ روس کے ساتھ ہندوستان کے تیل کے تعلقات نے اس خلیج کو مزید گہرا کر دیا۔ ٹیرف لگانے کے فیصلے کا وقت، جو تعطل زدہ تجارتی بات چیت کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے، اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ واشنگٹن اسے دباؤ ڈالنے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

ہندوستان نے بدلے میں امریکہ کے رویے میں تضادات کو نمایاں کیا ہے۔ اگرچہ ہندوستان روسی تیل کا ایک بڑا خریدار بن کر ابھرا ہے، لیکن یورپی یونین اب بھی روسی ایل این جی اور دیگر مصنوعات درآمد کر رہی ہے، اور جنگ شروع ہونے کے بعد سے روس کی فوسل فیول آمدنی میں اس کا حصہ ہندوستان سے کہیں زیادہ رہا ہے۔ مثال کے طور پر یوکرین پر حملے کے بعد یورپی یونین روس کی فوسل فیول آمدنی کا 23 فیصد فراہم کرتی رہی، جبکہ ہندوستان کا حصہ تقریباً 13 فیصد تھا۔ اس کے باوجود اقتصادی پابندیوں کا نشانہ ہندوستان بنا، جو کئی ماہرین کے مطابق ’’مغربی منافقت کی ایک کھلی مثال‘‘ ہے۔

 ہندوستان کے لیے کٹھن راہ

اس کے ہندوستان پر اثرات سنگین ہو سکتے ہیں۔ ماہرینِ معاشیات کا اندازہ ہے کہ 50 فیصد ٹیرف اگلے مالی سال میں ہندوستان کی جی ڈی پی کی شرحِ نمو میں 0.8 سے 1.2 فیصد پوائنٹس کی کمی لا سکتا ہے۔ مورگن اسٹینلی کا کہنا ہے کہ اگر ٹیرف کا مسئلہ حل نہ ہوا تو یہ کمی خاصی نمایاں ہوگی۔ برآمدات پر انحصار کرنے والی صنعتیں سب سے زیادہ متاثر ہوں گی، خصوصاً وہ جو امریکہ کو بطور بڑی منڈی استعمال کرتی ہیں۔ ملبوسات، ٹیکسٹائل، جوتے، کیمیکلز، فارماسیوٹیکلز، الیکٹرانکس، اور قیمتی پتھر و زیورات کے شعبے خاص طور پر زد میں ہیں۔ یہ صنعتیں، جو ہندوستان کے غیر رسمی شعبے میں لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرتی ہیں، آرڈرز میں کمی اور بڑے پیمانے پر برطرفیوں کا سامنا کر سکتی ہیں۔ برآمد کنندگان نے اس ٹیرف جھٹکے کو ’’کووڈ سے بھی بدتر‘‘ قرار دیا ہے، اور اس بات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ نہ تو ٹائم لائن واضح ہے اور نہ ہی ریلیف کا کوئی نظام۔

وسیع تر سفارتی اثرات بھی پریشان کن ہیں۔ یہ ٹیرف ہندوستان کی محتاط خارجہ پالیسی پر براہِ راست ضرب ہے، جو روس کے ساتھ تاریخی تعلقات اور امریکہ کے ساتھ اسٹریٹیجک شراکت داری کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔ یہ برسوں کی کوآڈ تعاون، دفاعی اشتراک اور تجارتی روابط سے بننے والی ہندوستان-امریکہ ہم آہنگی کو کمزور کرتا ہے۔ ہندوستان کے اندر بھی ناقدین اس پالیسی پر سوال اٹھا رہے ہیں کہ آخر مغرب کی طرف ضرورت سے زیادہ جھکاؤ کیوں اختیار کیا گیا، اور سیاسی حلقوں کے مختلف طبقات ایک مضبوط اور دوٹوک جواب دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

دباؤ کے باوجود، ہندوستان کے پاس اختیارات ختم نہیں ہوئے۔ سفارتی سطح پر مذاکرات شروع کیے جا رہے ہیں تاکہ حل کی کوئی راہ نکالی جا سکے۔ ایک امریکی تجارتی وفد جلد نئی دہلی کا دورہ کرے گا اور ہندوستان امریکی زرعی مصنوعات-جیسے بادام اور پنیر-پر محدود ٹیرف رعایت دینے پر غور کر رہا ہے، اس امید پر کہ بدلے میں نئی عائد شدہ ڈیوٹیوں سے نجات مل سکے۔ اگرچہ ہندوستان توانائی کی خودمختاری پر اپنے مؤقف میں سخت ہے، لیکن یہ تسلیم کیا جا رہا ہے کہ سفارت کاری اب بھی ایک ایسا حل فراہم کر سکتی ہے جس سے دونوں فریق اپنی عزت بچا سکیں۔

 روسی تیل کے متبادل

بطور متبادل، ہندوستان روسی تیل کی درآمدات پر اپنا انحصار کم کرنے کی حکمتِ عملی پر کام کر رہا ہے۔ سپلائی کے تنوع کے لیے امریکہ، برازیل، کینیڈا، مغربی افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ سے درآمدات بڑھانے کی کوشش جاری ہے۔ تاہم، یہ تبدیلی مہنگی ثابت ہوگی اور تیل کی درآمدی لاگت میں سالانہ 11 ارب ڈالر کا اضافہ کر سکتی ہے۔ یہ تشویش بھی پائی جاتی ہے کہ روسی خام تیل کی درآمدات میں جلدی کمی طویل المدتی توانائی تعاون کو نقصان پہنچا سکتی ہے، خاص طور پر جوہری ایندھن، دفاعی لاجسٹکس اور خلائی تعاون جیسے شعبوں میں۔

اس دھچکے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہندوستان اقتصادی تنوع پر دوگنا زور دے رہا ہے۔ افریقہ، لاطینی امریکہ اور آسیان ممالک کے ساتھ تجارتی شراکت داری بڑھانے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ یورپی یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے (FTA) پر مذاکرات کو دوبارہ زندہ کرنے اور انڈو-پیسیفک اکنامک فریم ورک جیسے علاقائی تجارتی بلاکس میں بات چیت کو گہرا کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ حکومت متاثرہ برآمد کنندگان کے لیے ریلیف اقدامات تیار کر رہی ہے، جن میں سود میں سبسڈی، کریڈٹ گارنٹیز اور برآمدات سے منسلک ترغیبات شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ‘میک ان انڈیا’ اور ‘آتم نربھر ہندوستان’ مہمات کو تیز کرنے کی بھی فوری ضرورت محسوس کی جا رہی ہے، تاکہ صنعت کو کسی ایک منڈی پر انحصار سے کمزور نہ ہونے دیا جائے۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ہندوستان، BRICS ممالک کے ساتھ مل کر ایک مربوط ردِعمل تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ برازیل کے صدر لولا دا سلوا نے ہندوستان اور چین سے رابطہ کیا ہے اور مغرب کی جانب سے ’’تجارت کو یکطرفہ ہتھیار بنانے‘‘ کے خلاف ایک متحدہ موقف اختیار کرنے کی تجویز دی ہے۔ روس حسبِ توقع ہندوستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور بلا تعطل تیل کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے توسیعی کریڈٹ لائنز اور قیمت کی ضمانتیں پیش کر رہا ہے۔

ہندوستان کا رویہ نپا تلا لیکن مضبوط ہونا چاہیے۔ اسے امریکہ سے بات چیت کر کے صورتِ حال کو ٹھنڈا کرنا ہوگا، لیکن کھلے دباؤ کو مسترد کرنا بھی ضروری ہے۔ توانائی اور تجارتی معاہدوں کو وسعت دے کر کسی ایک بلاک پر ضرورت سے زیادہ انحصار سے بچنا ہوگا۔

ہندوستان کا روسی تیل خریدنے کا فیصلہ نہ تو لاپرواہی پر مبنی تھا اور نہ ہی نظریاتی؛ یہ مکمل طور پر ایک حسابی اور اقتصادی فیصلہ تھا۔ لیکن ایک ایسی دنیا میں جہاں تجارت اور سفارت کاری گتھم گتھا ہو چکی ہیں، ہر فیصلہ نتائج کے بوجھ کے ساتھ آتا ہے۔ امریکی ٹیرف صرف مالی دھچکا نہیں، بلکہ ایک جغرافیائی سیاسی پیغام بھی ہیں۔ ہندوستان کا ردِعمل نہ صرف آنے والے سال بلکہ اگلی دہائی کی سمت بھی طے کرے گا۔

مصنف ایک سینئر صحافی اور ابلاغی ماہر ہیں۔