تھوک مہنگائی جون میں منفی سطح پر، کھانے پینے اور ایندھن کی قیمتوں میں کمی اہم وجہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-07-2025
تھوک مہنگائی جون میں منفی سطح پر، کھانے پینے اور ایندھن کی قیمتوں میں کمی اہم وجہ
تھوک مہنگائی جون میں منفی سطح پر، کھانے پینے اور ایندھن کی قیمتوں میں کمی اہم وجہ

 



نئی دہلی، 14 جولائی (پی ٹی آئی) وزارت تجارت و صنعت کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، 2025 میں پہلی بار ہندوستان کی تھوک مہنگائی منفی سطح میں چلی گئی۔ جون کے مہینے میں تھوک قیمت اشاریہ(WPI) پر مبنی افراطِ زر -0.13 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جس کی بنیادی وجہ خوراک اور ایندھن کی قیمتوں میں کمی ہے۔

خوراک کی قیمتوں میں سالانہ بنیاد پر 0.26 فیصد کمی آئی، جوWPI کے مجموعی ٹوکری میں 24.38 فیصد وزن رکھتی ہیں۔ اسی طرح ایندھن اور توانائی کی قیمتیں، جن کا انڈیکس میں حصہ 13.15 فیصد ہے، جون 2024 کے مقابلے میں 2.65 فیصد کم ہوئیں۔

اس کے برعکس، تیار شدہ اشیاء(Manufactured Products)، جن کاWPI میں سب سے بڑا حصہ یعنی 64.23 فیصد ہے، ان میں سالانہ بنیاد پر 1.97 فیصد اضافہ ہوا۔ تاہم، اس اضافہ کی رفتار مئی کے 2.04 فیصد اور اپریل کے 2.62 فیصد کے مقابلے میں کم رہی۔

یہ تھوک سطح پر افراطِ زر میں کمی، حالیہ دنوں میں صارفین کی مہنگائی میں بھی کمی کے رجحان سے ہم آہنگ ہے۔ صارف قیمت اشاریہ(CPI) پر مبنی مہنگائی مئی میں گھٹ کر 2.82 فیصد تک آ گئی، جو فروری 2019 کے بعد سب سے کم سطح ہے۔

مہنگائی میں اس نرمی کے پیش نظر، ریزرو بینک آف انڈیا(RBI) نے گزشتہ ماہ اپنی مانیٹری پالیسی جائزہ میں ریپو ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹس کی کمی کرتے ہوئے اسے 6.0 فیصد سے گھٹا کر 5.5 فیصد کر دیا تاکہ معاشی نمو کو تحریک دی جا سکے۔

اس کے ساتھ ہی، مرکزی بینک نے کیش ریزرو ریشو(CRR) میں بھی بتدریج کمی کا اعلان کیا، جسے 4 فیصد سے گھٹا کر 3 فیصد تک لایا جائے گا، اور یہ کمی چار مرحلوں میں 25 بیسس پوائنٹس فی مرحلہ کے تحت کی جائے گی۔

چونکہ سرخیوں میں رہنے والیCPI مہنگائیRBI کے درمیانی مدت کے ہدف 4 فیصد سے کافی نیچے ہے، اس لیے مرکزی بینک نے مالی سال 2025-26 کے لیے اپنی مہنگائی کی پیش گوئی 4.0 فیصد سے کم کر کے 3.7 فیصد کر دی ہے۔