نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی وزیرِ روزگار منسکھ منڈاویہ نے پیر کو کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کے مطابق ہندوستان کی بے روزگاری کی شرح دو فیصد ہے، جو جی-20 ممالک میں سب سے کم ہے۔
وزیر نے کہا کہ ہندوستان کی تیز اقتصادی ترقی کے ساتھ مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور پردھان منتری وکاس شیل ہندوستان روزگار یوجنا (پی ایم- وی بی آر وائی) سمیت کئی اسکیموں نے اس میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وہ وزارت، ڈیجیٹل پلیٹ فارم مینٹر ٹوگیدر اور آن لائن سائٹ کوئیکر کے درمیان مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اس ایم او یو کا مقصد نیشنل کیریئر سروس (این سی ایس) پورٹل پر روزگار کے مواقع کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی ملازمت کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔
منڈاویہ نے کہا کہ ان شراکت داریوں کی مدد سے نوکری کے خواہشمندوں کے لیے درست رہنمائی اور روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔