نئی دہلی : ہندوستان نے سعودی عرب ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر محتاط اور متوازن ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے گا۔ ہندوستان نے مغربی ایشیا کی صورتحال پر بھی گہری نظر رکھنے کی بات کہی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے منگل کو ذرائع ابلاغ کو دی گئی بریفنگ کے دوران معاہدے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان مغربی ایشیا میں جاری تنازع اور اس سے متعلق پیش رفت پر مسلسل اور قریب سے نظر رکھے ہوئے ہے۔
پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے معاہدے کے ممکنہ اثرات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس معاہدے کا جائزہ قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ علاقائی امن اور استحکام کے نقطۂ نظر سے لے رہا ہے۔
رندھیر جیسوال نے کہا کہ ہندوستان اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس سمت میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے گا۔قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب پاکستان اور ترکیہ نے 7 اگست کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے نام سے ایک سہ فریقی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔