نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تجارت بڑھانے اور اسے مزید متوازن بنانے کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صارفین کی اشیا، غذائی مصنوعات، موٹر گاڑیاں، ٹریکٹر، بھاری تجارتی گاڑیاں، اسمارٹ فون جیسے الیکٹرانک آلات، صنعتی پرزے اور ٹیکسٹائل یہ وہ بڑے شعبے ہیں جن میں ہندوستان سے روس کو برآمدات بڑھانے کی بڑی صلاحیت ہے۔
فکّی کے زیرِ اہتمام ہندوستان–روس تجارتی فورم کی میٹنگ میں گوئل نے کہا کہ دو طرفہ تجارت 70 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ رہی ہے لیکن ہم آرام سے نہیں بیٹھ سکتے، ہمیں مزید آگے بڑھنا ہوگا اور تجارت کو متوازن کرنا ہوگا۔ سال 2024–25 میں ہندوستان کی روس کو برآمدات 4.9 ارب ڈالر رہیں جبکہ درآمدات 63.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس طرح تجارت کا خسارہ تقریباً 59 ارب ڈالر رہا۔
دونوں ممالک نے 2030 تک 100 ارب امریکی ڈالر کے دو طرفہ تجارت کے ہدف کا تعین کیا ہے۔ گوئل نے کہا کہ ہندوستان سروس سیکٹر میں بھی روس کو بڑی پیشکش کر سکتا ہے۔ روسی فیڈریشن کے صدارتی دفتر کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف میکسم اوریشکن نے میٹنگ میں کہا کہ روس کی مجموعی درآمدات میں ہندوستان کا حصہ دو فیصد سے بھی کم ہے، جسے بڑھانے کی سخت ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ متوازن تجارت کے لیے ہندوستان کی شمولیت بڑھانا ضروری ہے۔ اوریشکن نے بتایا کہ ہندوستان زرعی مصنوعات، ادویات، ٹیلی کمیونیکیشن آلات، صنعتی پرزہ جات اور افرادی قوت — چھ بڑے شعبوں میں روس کو سپلائی بڑھا سکتا ہے۔