ہندوستان اور روس نے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کے نئے اقدامات کا اعلان کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-12-2025
ہندوستان اور روس نے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کے نئے اقدامات کا اعلان کیا
ہندوستان اور روس نے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کے نئے اقدامات کا اعلان کیا

 



نئی دہلی: ہندوستان اور روس نے جمعہ کو امریکی پابندیوں اور جرمانوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اقتصادی اور تجارتی شراکت داری کو مضبوط کرنے کے لیے پانچ سالہ منصوبے پر اتفاق کیا۔ دریں اثنا، وزیراعظم نریندر مودی نے صدر ولادیمیر پوتن سے کہا کہ یوکرین میں جنگ کو مذاکرات کے ذریعے ختم کیا جانا چاہیے۔

سربراہی مذاکرات کے بعد مودی اور پوتن نے متحد ہو کر دونوں ممالک کے آٹھ دہائیوں سے زیادہ پرانے شراکت داری کو نئی رفتار دینے کی خواہش ظاہر کی۔ دونوں ممالک نے 2030 کے اقتصادی پروگرام کو حتمی شکل دینے کے علاوہ صحت، نقل و حمل، اور عوام کے درمیان تبادلے سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے کئی معاہدوں پر دستخط کیے۔

مودی نے دوطرفہ سربراہی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا، "گزشتہ آٹھ دہائیوں میں دنیا نے کئی اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں۔ انسانیت نے متعدد چیلنجز اور بحرانوں کا سامنا کیا ہے۔ اس کے باوجود ہندوستان-روس کی دوستی قطب ستارہ کی طرح مستحکم رہی ہے۔"

وزیراعظم نے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے تیار خاکے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان-روس اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جانا اب دونوں فریقوں کی مشترکہ ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور روس یوریشین اکنامک یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے (FTA) کو جلد از جلد مکمل کرنے کی سمت کام کر رہے ہیں۔ دونوں سربراہان کے درمیان بات چیت کے دوران یوکرین جنگ کا مسئلہ بھی اہم رہا۔

مودی نے کہا کہ ہندوستان نے اس ملک میں امن کے قیام کی وکالت کی ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم اس معاملے کے پرامن اور پائیدار حل کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہندوستان ہمیشہ اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار رہا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا ہی کرتا رہے گا۔" وزیراعظم نے دہشت گردی کے خطرے پر کہا کہ ہندوستان اور روس طویل عرصے سے اس خطرے کے خلاف کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا، "چاہے پہلگام میں دہشت گرد حملہ ہو یا کروکس سٹی ہال پر بزدلانہ حملہ – ان تمام واقعات کی جڑ ایک ہی ہے۔" مودی نے کہا، "ہندوستان کا پختہ یقین ہے کہ دہشت گردی انسانیت کے بنیادی اقدار پر براہِ راست حملہ ہے اور اس کے خلاف عالمی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔" انہوں نے کہا کہ نایاب معدنیات کے شعبے میں ہندوستان-روس تعاون دنیا بھر میں محفوظ اور متنوع سپلائی چین کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہے۔

صدر پوتن نے اپنے خطاب میں کہا کہ دونوں فریقوں نے سلامتی، معیشت، تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو ترجیح دینے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سالانہ دوطرفہ تجارت کو 100 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کی امکانات پر کام کر رہے ہیں۔ پوتن نے کہا کہ روس ہندوستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی غور کر رہا ہے اور ہندوستان کو ایندھن کی مسلسل فراہمی کے لیے تیار ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ ہم چھوٹے ‘ماڈیولر’ ایٹمی ریئیکٹر اور ‘فلوٹنگ’ ایٹمی توانائی پلانٹس کی تیاری میں تعاون پر بھی بات کر سکتے ہیں۔ پوتن نے کہا کہ روس، ہندوستان اور دیگر ہم خیال ممالک ایک منصفانہ اور کثیر قطبی دنیا کی سمت کام کر رہے ہیں۔