نئی دہلی: ہندوستان کے ڈاک محکمے نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ 15 اکتوبر 2025 سے امریکہ کے لیے تمام اقسام کی بین الاقوامی ڈاک خدمات دوبارہ بحال کر رہا ہے۔ ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (CBP) کے رہنما اصولوں کے تحت، ہندوستان سے امریکہ بھیجے جانے والے ڈاک پارسلز پر محصول کی شرح بھیجے گئے سامان کی قیمت کا 50 فیصد مقرر کی گئی ہے، جو نئے ٹیکس ضوابط کے مطابق ہوگی۔
محکمۂ ڈاک نے کہا: محکمہ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کرتا ہے کہ 15 اکتوبر 2025 سے امریکہ کے لیے تمام اقسام کی بین الاقوامی ڈاک خدمات دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔ امریکی حکومت کے ایگزیکٹو آرڈر 14324 کے بعد 22 اگست کو یہ خدمات عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھیں۔ بیان میں مزید کہا گیا:"ڈاک خدمات کی معطلی امریکی حکومت کے نئے ضوابط کی وجہ سے ضروری تھی، جن میں درآمدی ڈیوٹی کی وصولی اور ادائیگی کا طریقہ کار شامل ہے۔
محکمۂ ڈاک کے مطابق، ڈاک مصنوعات پر کسی قسم کا اضافی بنیادی یا پروڈکٹ مخصوص ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، جو کہ انہیں کورئیر یا تجارتی کھیپ سے ممتاز بناتا ہے۔ بیان کے مطابق:یہ فائدہ مند ٹیکس ڈھانچہ مجموعی لاگت کے بوجھ کو کافی حد تک کم کرتا ہے اور ڈاک کے ذریعے اشیاء بھیجنے کو MSME، کاریگروں، چھوٹے تاجروں اور ای-کامرس برآمد کنندگان کے لیے ایک سستا اور مسابقتی لاجسٹک آپشن بناتا ہے۔
محکمے نے واضح کیا کہ DDP (Delivery Duty Paid) اور اہل فریقین کے لیے کسی بھی اضافی چارجز کا اطلاق نہیں ہوگا۔ بیان میں کہا گیا کہ ڈاک کے پرانے نرخ بدستور برقرار رہیں گے تاکہ برآمد کنندگان کو سستی خدمات دستیاب ہوں اور وہ نئے امریکی قوانین کی پابندی بھی کر سکیں۔ اب امریکہ جانے والے ہر پارسل پر کسٹم ڈیوٹی ہندوستان میں ہی ایڈوانس میں وصول کی جائے گی اور یہ رقم براہ راست امریکی CBP کو منتقل کی جائے گی۔
اس طریقے سے پارسل کی بروقت ترسیل ممکن ہوگی اور وصول کنندہ کو کوئی اضافی ڈیوٹی یا رکاوٹ درپیش نہیں آئے گی۔ یہ قدم ہندوستان کی MSME صنعتوں کو مضبوط بنانے اور ملکی برآمدات کو فروغ دینے کے مقصد سے اُٹھایا گیا ہے۔