نئی دہلی/کالی کٹ (عبدالکریم امجدی): ریاست کیرالا کی معروف دینی و عصری درسگاہ معدن اکیڈمی کے 30 سالہ یومِ تاسیس کے موقع پر آئندہ سال رمضان المبارک کی 27ویں شب ایک روزہ عظیم الشان ’’انڈیا قرآن ایوارڈ‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس تاریخی مقابلے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔اسی سلسلے میں جامعہ کے سرپرستِ اعلیٰ اور سنی مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین، بزرگ صوفی عالم دین بدرالسادات سید ابراہیم خلیل البخاری نے ملک گیر تشہیری مہم کا باقاعدہ آغاز نئی دہلی سے کیا۔ اس مہم کے تحت ’’کھوج سفر‘‘ کے نام سے انڈیا کنیکٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد ملک بھر کے مدارسِ اہلِ سنت تک مقابلے کی دعوت پہنچانا ہے۔
اس تشہیری مہم میں دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی، جامعہ فیض الرسول براؤں شریف، جامعہ اسلامیہ روناہی، جامعہ امجدیہ گھوسی، الجامعۃ الاشرفیہ مبارکپور (اعظم گڑھ) سمیت ملک کے متعدد ممتاز دینی اداروں کا دورہ کیا جائے گا۔ وفد طلبہ اور اساتذہ سے ملاقات کر کے مسابقے کی تفصیلات پیش کرے گا اور حفاظ و قراء کو اس تاریخی پروگرام میں شرکت کی دعوت دے گا۔
یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد قومی قرآنی مقابلہ ہوگا، جس میں ملک بھر کے حفاظ اور قراء حصہ لے سکیں گے۔ مقابلے کے لیے آن لائن رجسٹریشن جاری ہے، جبکہ پہلا انعام 11,11,111 روپے (گیارہ لاکھ گیارہ ہزار ایک سو گیارہ روپے) مقرر کیا گیا ہے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید ابراہیم خلیل البخاری نے کہا کہ انڈیا قرآن ایوارڈ ایک منفرد قومی اقدام ہے، جس کا بنیادی مقصد کتاب اللہ کی خدمت، معاشرے میں قرآنِ کریم کے مقام کو مزید مستحکم کرنا اور قرآنی تعلیمات کے فروغ کو نئی جہت دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قومی سطح کے قرآنی مقابلے کے ذریعے جامعات، کالجوں، تعلیمی اداروں اور دینی مدارس کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا، تاکہ قرآنی اداروں کے درمیان تعاون، ہم آہنگی اور باہمی اشتراک کے نئے امکانات پیدا ہوں اور ملک بھر کے باصلاحیت حفاظ و قراء کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع مل سکے۔