ہند -پاک نے شیئر کی قیدیوں کی فہرست

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-07-2025
ہند -پاک نے شیئر کی قیدیوں کی فہرست
ہند -پاک نے شیئر کی قیدیوں کی فہرست

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
قیدیوں اور ماہی گیروں کی وہ فہرستیں جن میں لپٹی ہوتی ہیں گھر واپسی کی تمنائیں اور اپنوں سے ملنے کی امیدیں۔ ہر چھ ماہ بعد انسانیت، دیوار کے اُس پار دستک دیتی ہے، جب ہندوستان اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ اپنے اپنے قیدیوں اور ماہی گیروں کی فہرستیں شیئر کرتے ہیں۔
سال 2008 میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک دو طرفہ قونصلر رسائی معاہدہ ہوا تھا، جس کے تحت ہر سال 1 جنوری اور 1 جولائی کو دونوں ممالک کے درمیان فہرستوں کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔ اسی معاہدے کے تحت منگل کو ہندوستان اور پاکستان نے سفارتی ذرائع کے ذریعے ایک دوسرے کو اپنی حراست میں موجود قیدیوں اور ماہی گیروں کی فہرستیں سونپی ہیں۔
اس بار ہندوستان نے پاکستان کو 382 عام قیدیوں اور 81 ماہی گیروں کے نام دیے ہیں، جنہیں پاکستانی یا ممکنہ پاکستانی مانا جا رہا ہے۔
پاکستان نے 193 ہندوستانی ماہی گیروں کی فہرست دی
جواب میں پاکستان نے 53 ہندوستانی شہری قیدیوں اور 193 ماہی گیروں کی فہرست شیئر کی ہے۔ لیکن اصل کہانی وہاں سے شروع ہوتی ہے جب ہندوستان یہ کہتا ہے کہ پاکستان ان 159 ہندوستانی قیدیوں کو جلد از جلد رہا کرے جنہوں نے اپنی سزائیں مکمل کر لی ہیں۔
ہندوستان نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ اُن 26 افراد کو فوری طور پر سفارتی رسائی دی جائے، جنہیں ہندوستانی مانا جا رہا ہے، لیکن جنہیں ابھی تک ہندوستان سے رابطہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
پاکستان 80 قیدیوں کی شہریت کی تصدیق کرے
ہندوستان نے اپنی جانب سے بھی انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ اُن 80 افراد کی شہریت کی تصدیق کرے، جو ہندوستان کی جیلوں میں ہیں اور جنہیں پاکستانی سمجھا جا رہا ہے، تاکہ انہیں ان کے ملک واپس بھیجا جا سکے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ 2014 سے اب تک پاکستان سے 2,661 ہندوستانی ماہی گیر اور 71 عام قیدی واپس آ چکے ہیں۔ ان میں 2023 سے اب تک رہا کیے گئے 500 ماہی گیر اور 13 شہری قیدی بھی شامل ہیں۔ یہ روایت 2008 کے قونصلر رسائی معاہدے کے تحت قائم ہے۔