ہندوستان اپنے ماحولیاتی اہداف کو حاصل کرنے کی سمت تیزگام : رپورٹ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 22-05-2025
ہندوستان اپنے ماحولیاتی اہداف کو حاصل کرنے کی سمت تیزگام : رپورٹ
ہندوستان اپنے ماحولیاتی اہداف کو حاصل کرنے کی سمت تیزگام : رپورٹ

 



نئی دہلی: ہندوستان 2030 تک اپنے ماحولیاتی اہداف کو حاصل کرنے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ان اہداف کے تحت ملک کو 2005 کی سطح کے مقابلے میں اپنی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی اخراج شدت کو 45 فیصد تک کم کرنا ہے۔ یہ بات ایک تازہ تجزیے میں سامنے آئی ہے جو دہلی میں قائم تھنک ٹینک ’کونسل آن انرجی، انوائرمنٹ اینڈ واٹر‘ (سی ای ای ڈبلیو) اور غیر سرکاری تنظیم ’الائنس فار این انرجی ایفیشینٹ اکانومی‘ (اے ای ای ای) نے مشترکہ طور پر پیش کیا ہے۔

تجزیے کے مطابق، اگر موجودہ رجحانات برقرار رہے اور مناسب پالیسی اقدامات کیے گئے تو 2030 تک ہندوستان کے توانائی شعبے کی اخراج شدت 2005 کی سطح کے مقابلے میں 48 سے 57 فیصد تک کم ہو سکتی ہے۔ البتہ 2070 تک نیٹ زیرو کے ہدف — یعنی کاربن کے اخراج اور اس کی تلافی کے درمیان توازن — کو حاصل کرنے کے لیے مزید جامع پالیسی مداخلتوں کی ضرورت ہوگی۔

ان میں کاربن کی قیمت بندی کو مرکزی حیثیت دینا، بجلی کی قیمتوں کے نظام میں اصلاحات، صاف اور پائیدار ٹیکنالوجیز کے لیے مالی امداد، توانائی کی بچت کو فروغ دینا اور عوامی طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ بین الاقوامی جریدے "انرجی اینڈ کلائمیٹ چینج" میں شائع ہونے والے اس تجزیے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ 2035 کے ممکنہ قومی ماحولیاتی ہدف (این ڈی سی) میں ہندوستان کی جی ڈی پی کی اخراج شدت میں 55 سے 66 فیصد تک کمی اور بجلی کی کل صلاحیت میں غیر فوسل ایندھن پر مبنی توانائی کا حصہ 60 سے 68 فیصد تک بڑھانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اگست 2022 میں ہندوستان نے اقوام متحدہ کے تحت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق فریم ورک (یو این ایف سی سی سی) کو جو قومی ہدف (این ڈی سی) پیش کیا تھا، اس میں یہ طے کیا گیا تھا کہ 2030 تک ملک اپنی اخراج شدت میں 45 فیصد کمی کرے گا اور اس وقت تک کل نصب شدہ بجلی کا 50 فیصد حصہ غیر فوسل ایندھن پر مبنی ہوگا۔ سال 2031 سے 2035 کی مدت کے لیے تمام ممالک کو اپنی نئی ماحولیاتی منصوبہ بندی اسی سال پیش کرنی ہے، لیکن ہندوستان سمیت بیشتر ممالک 10 فروری کی آخری تاریخ تک یہ ہدف مکمل نہ کر سکے۔

اسی تناظر میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے سربراہ سائمن اسٹیل نے تمام ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ ستمبر 2025 تک اپنی نئی منصوبہ بندی جمع کروائیں۔ ہندوستان نے تاحال اپنے نئے ماحولیاتی ہدف کو حتمی شکل نہیں دی ہے۔ تاہم سی ای ای ڈبلیو کے سینئر فیلو ویبھَو چترویدی کا کہنا ہے کہ پیرس معاہدے کے بعد ہندوستان نے کئی محاذوں پر موسمیاتی قیادت کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ بھی ثابت کیا ہے کہ ترقی اور اخراج میں کمی ساتھ ساتھ ممکن ہے۔

ان کے مطابق، اگر حکومت بجلی کی قیمتوں، صنعتی منصوبہ بندی، جوہری توانائی، طرزِ زندگی میں تبدیلی اور شہری نقل و حمل جیسے شعبوں میں ٹھوس اصلاحات نافذ کرے تو ملک اپنے کاربن اخراج کے رجحان کو نیٹ زیرو کی جانب موڑنے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔

چترویدی نے زور دیا کہ ہندوستان کا 2035 کا قومی ماحولیاتی ہدف صرف بلند عزائم کی عکاسی نہ کرے بلکہ اسے ملک کی معاشی حقیقتوں کے مطابق ہونا چاہیے، جس کی بنیاد قابلِ اعتماد تجزیوں پر ہو۔ ان کے مطابق، ایک جامع اور متوازن حکمتِ عملی میں پورے معاشی نظام پر محیط اخراج شدت کا ہدف، مخصوص شعبوں کے لیے کاربن بجٹ، اور کم کاربن ٹیکنالوجیز و صاف صنعت کاری کے لیے موثر مراعات شامل ہونی چاہئیں۔