آواز دی وائس،نئی دہلی
ہندوستان نے ملائیشیا کو 18 ہلکے لڑاکا طیارے(LCA)تیجس فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے۔ جمعہ کو یہ معلومات دیتے ہوئے وزارت دفاع نے کہا کہ ارجنٹائن، آسٹریلیا، مصر، امریکہ، انڈونیشیا اور فلپائن نے بھی اس سنگل انجن جیٹ میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے گزشتہ سال ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کو 2023 میں ملک میں بنائے جانے والے 83 تیجس طیاروں کی فراہمی کے لیے 6 بلین ڈالر کا ٹھیکہ دیا تھا۔ یہ ٹھیکہ 1983 میں منظور ہونے کے تقریباً چار دہائیوں بعد دیا گیا۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت غیر ملکی دفاعی آلات پر ملک کا انحصار کم کرنا چاہتی ہے۔
اس کے ساتھ جیٹ طیاروں کی برآمدات کے لیے بھی کوشش کر رہی ہے۔ تیجس کا 'سفر' ڈیزائن اور دیگر چیلنجوں کی وجہ سے ہموار نہیں رہا اور ایک بار ہندوستانی بحریہ نے بہت بھاری ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا تھا۔
وزارت دفاع نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ ہندوستان ایروناٹکس نے گزشتہ سال اکتوبر میں رائل ملائیشیا ایئرفورس کے 18 جیٹ طیاروں کی دو نشستوں والے مختلف قسموں کو فروخت کرنے کی تجویز کا جواب دیا تھا۔
ہندوستان کے وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ نے پارلیمنٹ میں ایک تحریری سوال کے جواب میں کہا کہ جن دیگر ممالک نے ہندوستان کے ایل سی اے طیاروں میں دلچسپی ظاہر کی ہے ان میں ارجنٹینا، آسٹریلیا، مصر، امریکہ، انڈونیشیا اور فلپائن شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملک اسٹیلتھ فائٹر جیٹ بنانے پر بھی کام کر رہا ہے لیکن انہوں نے قومی سلامتی کے خدشات کے پیش نظر اس کی ڈیڈ لائن دینے سے انکار کر دیا۔
جب کہ برطانیہ نے اس سال اپریل میں کہا تھا کہ وہ اپنا لڑاکا طیارہ بنانے کے ہندوستان کے مقصد کی حمایت کرے گا۔