ہندوستان کو اپنی سفارتی حکمت عملی میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے: کانگریس

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-04-2026
ہندوستان کو اپنی سفارتی حکمت عملی میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے: کانگریس
ہندوستان کو اپنی سفارتی حکمت عملی میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے: کانگریس

 



نئی دہلی
 کانگریس نے امریکہ اور ایران کے درمیان بات چیت میں پاکستان کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے پیر کے روز کہا کہ ہندوستان کو اپنی سفارتی رابطہ حکمتِ عملی میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے، اور وزیر اعظم نریندر مودی اس کو انجام دینے میں "بالکل ناکام" ہیں۔
پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ یہ مودی حکومت کے لیے ایک بڑا جھٹکا ہے کہ معاشی طور پر کمزور اور دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والا ملک پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر اس طرح کا کردار ادا کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
رمیش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ وہ ملک جسے وزیر خارجہ (جے شنکر) نے ‘دلال’ قرار دیا تھا، مبینہ طور پر آج امریکہ-ایران امن مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت واضح طور پر شدید بحران کا شکار ہے اور وہ اپنے اتحادی ممالک کی مدد پر منحصر ہے۔
رمیش نے مزید کہا کہ لیکن اسامہ بن لادن اور دیگر دہشت گردوں کو پناہ دینے، افغانستان میں بمباری کرنے اور ایک سال قبل پہلگام دہشت گرد حملے کو انجام دینے کے بعد بھی اب وہ ایک اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ وزیر اعظم مودی کی علاقائی اور عالمی سطح پر شمولیت اور سفارتی حکمت عملی پاکستان کو تنہا کرنے میں ناکام رہی ہے، بلکہ اسے ایک نئی پہچان مل گئی ہے۔
رمیش کے مطابق نومبر 2008 میں ممبئی میں دہشت گرد حملوں کے بعد ڈاکٹر منموہن سنگھ کی حکومت پاکستان کو عالمی سطح پر الگ تھلگ کرنے میں کامیاب رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، جن کے اشتعال انگیز بیان نے پہلگام دہشت گرد حملے کو ہوا دی، اب صدر ٹرمپ کے قریبی سمجھے جاتے ہیں۔ یہ ہندوستان کے لیے خاص طور پر ایک بڑا دھچکا ہے۔ واضح ہے کہ فیلڈ مارشل اور ان کے ساتھی، ٹرمپ کے خاندان اور اس کے قریبی حلقوں کے ساتھ تعلقات کو سنبھالنے میں ہندوستان کے مقابلے میں زیادہ کامیاب رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ وزیر اعظم مودی کی خارجہ پالیسی کے لیے ایک بڑا جھٹکا ہے۔رمیش نے کہا کہ ہندوستان کو اپنی سفارتی حکمت عملی میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے، لیکن وزیر اعظم مودی اس میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔