نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستان نے تَوی ندی میں سیلاب کے ‘‘شدید خدشے’’ کے پیش نظر پاکستان کو نئی وارننگ جاری کی ہے۔ وہیں، شمالی ریاستوں میں لگاتار بارش کے باعث بڑے ڈیموں سے اضافی پانی چھوڑنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ ذرائع نے بتایا کہ وزارتِ خارجہ کے ذریعے اسلام آباد کو بھیجے گئے یہ انتباہ ‘‘انسانی بنیادوں’’ پر جاری کیے گئے ہیں۔ پہلا انتباہ پیر کو جاری کیا گیا تھا۔
ایک ذرائع نے بتایا کہ ہم نے کل (منگل) اور آج (بدھ) تَوی ندی میں سیلاب کے شدید خدشے کے پیش نظر ایک اور انتباہ جاری کیا۔ ہندوستانی علاقوں میں ہو رہی مسلسل بارش کے باعث کچھ ڈیموں کےپٹ کھولنے پڑے۔ تَوی ندی ہمالیہ سے نکلتی ہے اور پاکستان میں دریائے چناب میں شامل ہونے سے پہلے جموں ڈویژن سے گزرتی ہے۔
۔22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں پاکستانی دہشت گردوں کے ہاتھوں 26 افراد کے قتل کے بعد ہندوستان نے سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کے ساتھ آبی اعداد و شمار کے باقاعدہ تبادلے کو معطل کر دیا تھا۔ پہلگام حملے میں مارے گئے زیادہ تر لوگ سیاح تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس روک کے باوجود سرحد پار جان و مال کے نقصان سے بچنے کے لیے تازہ سیلابی انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ پنجاب میں ستلج، بیاس اور راوی ندیاں اور برسات میں بہنے والی چھوٹی ندیاں اپنے آبی ذخائر میں شدید بارش کے باعث طغیانی پر ہیں۔
جموں میں بھی مسلسل بارش سے سیلاب کی صورتحال ہے، جس سے ندیاں ابل پڑی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، پانی کی سطح خطرناک طور پر بڑھنے کے باعث حکام کے پاس بڑے آبی ذخائر کے باندھ کھولنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔
عالمی بینک کی ثالثی میں 1960 میں دستخط شدہ سندھ طاس معاہدہ طویل عرصے سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دریا کے پانی کی تقسیم کو کنٹرول کرتا رہا ہے۔