دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ہندوستان: سلمان خورشید

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-05-2025
دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ہندوستان: سلمان خورشید
دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ہندوستان: سلمان خورشید

 



ٹوکیو/ آواز دی وائس
ٹوکیو میں آل پارٹی وفد کے ممبر اور کانگریس لیڈر سلمان خورشید نے کہا کہ اگرچہ سیاسی پارٹیاں اپنے ملک میں ایک دوسرے کے خلاف برسرپیکار ہوتی ہیں، لیکن بین الاقوامی سطح پر وہ سب متحد نظر آتی ہیں۔ خورشید نے  کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ہندوستان کے اتحاد کو جاپان میں خوب سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ایک اہم پیغام یہ ہے کہ ہم مختلف سیاسی جماعتوں سے آتے ہیں۔ ہم اپنے ملک میں شدت سے بحث کرتے ہیں، لیکن جب بات ہندوستان کی ہوتی ہے اور دہشتگردی کے خلاف ہندوستان کے اہم پیغام کی ہوتی ہے، تو ہم سب یہاں متحد ہو جاتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ اسے یہاں بہت سراہا گیا اور امید ہے کہ ایک ملک سے دوسرے ملک جانے پر بھی یہی صورتحال رہے گی۔
خورشید نے جاپان میں آل پارٹی وفد کو ملی حمایت پر اطمینان ظاہر کیا اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ہندوستان کے مؤقف کو فطری حمایت ملی۔ خورشید نے کہا کہ یہ ایک نہایت اطمینان بخش اور شاندار دورہ رہا۔ ہم بہت پرجوش ہیں کہ لوگوں نے دہشتگردی کے خلاف ہندوستان کے مؤقف کے لیے بھرپور حمایت کا مظاہرہ کیا۔ یہاں دہشتگردی کی ہر شکل کے خلاف مکمل اتفاق ہے اور پہلگام میں جو نقصان ہوا، اس پر خاص ہمدردی ظاہر کی گئی۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں جماعتوں کے اراکین پر مشتمل یہ وفد جاپان میں مقیم ہندوستانی برادری کے ساتھ مل کر دہشتگردی سے پیدا ہونے والے خطرات پر بیداری پیدا کرنے کے لیے گفتگو کر رہا ہے۔
خورشید نے بتایا کہ وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں جاپان نے دہشتگردی پر ہندوستان کے مؤقف کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا، "ہم نے آپریشن سندور کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، لیکن ہم نے مستقبل کے لیے کچھ پیغامات دیے ہیں اور جاپان جیسے ممالک کے لیے ہمارا ہر طرح سے ساتھ دینا اہم ہوگا۔ جاپان نے دہشتگردی پر ہمارے مؤقف کی کھلے دل سے حمایت کی۔ ہم نے نہایت مضبوط شواہد پیش کیے جو دستیاب تھے۔" خورشید، سنجے کمار جھا کی قیادت میں جاپان آئے وفد کا حصہ ہیں جو دہشتگردی کے خلاف ہندوستان کی عالمی مہم کے تحت دیگر مشرقی ایشیائی ممالک کا بھی دورہ کرے گا۔
وفد کے دیگر ممبران میں بی جے پی کی رکن پارلیمان اپراجیتا سارنگی، برج لال، پردھان باروا، ہمنگ جوشی، سی پی آئی-ایم کے جان بریٹاس، اے آئی ٹی سی کے ابھیشیک بنرجی اور سفیر موہن کمار شامل ہیں۔ آل پارٹی وفد کا جاپان کا یہ دورہ دہشتگردی سے نمٹنے پر ہندوستان کی قومی یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے۔ سیاسی اختلافات کے باوجود، ارکان پارلیمان دہشتگردی اور اس کو فروغ دینے میں پاکستان کے کردار کے خلاف اپنے مؤقف میں متحد ہیں۔