ناگپور: مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ آج دنیا میں جو ممالک دادا گیری کر رہے ہیں، وہ اس لیے ایسا کر پا رہے ہیں کیونکہ وہ معاشی طور پر مضبوط ہیں اور ان کے پاس جدید ٹیکنالوجی موجود ہے۔ ہفتے کے روز یہاں وشویشوریا نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (VNIT) میں خطاب کرتے ہوئے گڈکری نے ہندوستان کی برآمدات بڑھانے اور درآمدات کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا اگر ہماری برآمدات اور معیشت کی رفتار بڑھے گی، تو ہمیں کسی کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ جو ممالک دادا گیری کر رہے ہیں، وہ معاشی طور پر طاقتور ہیں اور ان کے پاس جدید ٹیکنالوجی ہے۔
اگر ہمیں بہتر ٹیکنالوجی اور وسائل حاصل ہوں گے، تو ہم کسی پر دباؤ نہیں ڈالیں گے، کیونکہ ہماری ثقافت ہمیں 'وشو کلیان' یعنی دنیا کی بھلائی کا سبق دیتی ہے۔ گڈکری نے مزید کہا آج ہم عالمی سطح پر کئی چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، اور ان تمام مسائل کا حل سائنس اور ٹیکنالوجی، یعنی علم میں ہے — جو کہ ایک طاقت ہے۔
بی جے پی کے سینئر رہنما نے کہا کہ اگر ہندوستان کو وشو گرو (دنیا کا رہنما) بننا ہے، تو برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی لانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے تحقیقی اداروں، آئی آئی ٹی اور انجینئرنگ کالجوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی ضروریات کو مدِنظر رکھ کر تحقیق کریں، حالانکہ دیگر شعبوں میں تحقیق بھی اتنی ہی اہم ہے۔