برلن/نئی دہلی: ہندوستان کے وزیرِ تجارت و صنعت پیّوش گوئل نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان کسی بھی تجارتی معاہدے کو جلدبازی یا ’’کسی دباؤ میں آکر‘‘ طے نہیں کرتا۔ گوئل نے کہا کہ ہندوستان یورپی یونین (ای یو) اور امریکہ سمیت مختلف ممالک اور گروپوں کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر سرگرمی سے بات چیت کر رہا ہے۔
برلن میں منعقدہ ’’برلن ڈائیلاگ‘‘ کے دوران انہوں نے کہا: ’’ہم یورپی یونین کے ساتھ فعال مذاکرات کر رہے ہیں، ہم امریکہ سے بھی بات چیت کر رہے ہیں، لیکن ہم کسی بھی معاہدے کو نہ تو جلدبازی میں طے کرتے ہیں، نہ ہی کسی مقررہ مدت یا دباؤ کے تحت۔‘‘ تجارتی و صنعتی وزیر برلن میں اس مکالمے میں شرکت کے لیے موجود ہیں، جہاں جرمن صنعت کاروں اور رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر گوئل نے کہا کہ کسی بھی تجارتی معاہدے کو طویل المدتی نقطۂ نظر سے دیکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کبھی بھی جلدبازی یا اشتعال میں آکر کوئی فیصلہ نہیں لیتا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہندوستان امریکہ کی جانب سے عائد بلند محصولات سے نمٹنے کے لیے نئے بازاروں کی تلاش میں ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ہندوستان طویل مدتی اور منصفانہ تجارتی شرائط پر معاہدے کے لیے تیار ہے، تو گوئل نے کہا: ’’میرا نہیں خیال کہ ہندوستان نے کبھی بھی قومی مفاد کے علاوہ کسی اور بنیاد پر فیصلہ کیا ہو کہ اس کے دوست کون ہوں گے۔ اگر کوئی کہے کہ آپ یورپی یونین کے دوست نہیں ہو سکتے تو میں اسے قبول نہیں کروں گا، یا اگر کل کوئی کہے کہ آپ کینیا کے ساتھ کام نہیں کر سکتے، تو یہ بھی ناقابلِ قبول ہوگا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک سے مخصوص مصنوعات خریدنے کا فیصلہ دنیا بھر کے ممالک کا اپنا ہوگا۔ گوئل نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’میں نے آج اخبار میں پڑھا کہ جرمنی تیل پر امریکی پابندیوں سے استثنا مانگ رہا ہے... برطانیہ نے پہلے ہی امریکہ سے تیل خریدنے کے لیے کوئی راستہ نکال لیا ہے یا شاید استثنا بھی حاصل کر چکا ہے... تو پھر ہندوستان ہی کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟‘‘
گوئل کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکہ ہندوستان پر روس سے تیل کی خرید بند کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ گزشتہ ایک ہفتے میں کئی بار یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ ہندوستان روس سے تیل خریدنا بند کرنے پر آمادہ ہے، تاہم ہندوستان نے اس سے انکار کیا ہے۔
امریکہ نے 22 اکتوبر کو روس کی دو بڑی تیل کمپنیوں راس نیفٹ اور لوک آئل — پر پابندیاں عائد کر دی ہیں اور امریکی اداروں و شہریوں کو ان کے ساتھ کاروبار سے روک دیا ہے۔ روس سے تیل خریدنے کے معاملے پر امریکہ نے ہندوستان پر 25 فیصد اضافی محصول عائد کیا ہوا ہے، جو امریکی منڈیوں میں داخل ہونے والی ہندوستانی مصنوعات پر پہلے سے موجود 25 فیصد جوابی محصول کے علاوہ ہے۔ یوں مجموعی طور پر ہندوستانی سامان پر امریکہ میں 50 فیصد درآمدی محصول عائد ہے۔ ہندوستان نے ان محصولات کو ’’غیر منصفانہ اور غیر عقلی‘‘ قرار دیا ہے۔ گوئل نے کہا کہ کسی بھی ملک کو تجارتی معاہدوں کو قلیل مدتی تناظر میں نہیں دیکھنا چاہیے۔
ان کے مطابق: ’’تجارتی معاہدے طویل مدت کے لیے ہوتے ہیں۔ یہ صرف محصولات یا اشیا و خدمات تک رسائی کا معاملہ نہیں، بلکہ اعتماد اور تعلقات کا بھی ہے۔ طویل المدتی تناظر میں تجارتی معاہدے محصولات سے کہیں زیادہ اہم ہوتے ہیں، اور ہمارا فوکس صرف موجودہ مسائل یا محصولات پر نہیں ہے۔‘‘ ہندوستان اور امریکہ مارچ سے دوطرفہ تجارتی معاہدے پر بات چیت کر رہے ہیں، جس کے اب تک پانچ دور مکمل ہو چکے ہیں۔
گوئل نے کہا کہ مذاکرات جاری ہیں اور امید ظاہر کی کہ دونوں فریق قریب مستقبل میں ایک منصفانہ اور متوازن معاہدے کی سمت پیش رفت کریں گے۔ ہندوستانی تجارتی سکریٹری راجیش اگروال کی قیادت میں ایک سرکاری وفد گزشتہ ہفتے تین روزہ مذاکرات کے لیے امریکہ میں تھا، جو 17 اکتوبر کو مکمل ہوئے۔