سستا ہائیڈروجن پیدا کرکے ہندوستان تیل پیدا کرنے والے ممالک کے برابر آ سکتا ہے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 20-08-2025
سستا ہائیڈروجن پیدا کرکے ہندوستان تیل پیدا کرنے والے ممالک کے برابر آ سکتا ہے
سستا ہائیڈروجن پیدا کرکے ہندوستان تیل پیدا کرنے والے ممالک کے برابر آ سکتا ہے

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ نتن گڈکری نے بدھ کے روز کہا کہ اگر ہندوستان میں ہائیڈروجن پیدا کرنے کی لاگت کو ایک ڈالر فی کلوگرام تک لایا جا سکے، تو ملک توانائی درآمد کرنے والے سے ایک عالمی برآمد کنندہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات د انرجی اینڈ ریسورسز انسٹیٹیوٹ (TERI) میں منعقدہ 24ویں درباری سیٹھ میموریل لیکچر کے دوران کہی۔

گڈکری نے بتایا کہ فی الحال ہائیڈروجن کی قیمت پانچ سے چھ ڈالر فی کلوگرام ہے، جو روایتی ایندھنوں کے مقابلے میں خاصی مہنگی ہے۔ انہوں نے کہا:اگر ہم اس کی قیمت ایک ڈالر فی کلوگرام تک لا سکیں، تو ہندوستان تیل پیدا کرنے والے موجودہ ممالک کے برابر آ جائے گا۔

گڈکری نے ہائیڈروجن کو مستقبل کی توانائی قرار دیا اور کہا کہ یہ دنیا کے توانائی کے نقشے کو نئی شکل دے گا۔ وزیر نے کہا کہ ہائیڈروجن فِلنگ اسٹیشنز کے قیام اور ایندھن کی ترسیل کے نظام کو تیار کرنا سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ان شعبوں میں فوری اور بڑے پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ گڈکری نے کہا کہ شہری علاقوں کے کوڑے کرکٹ کو توانائی میں تبدیل کرنے کی زبردست صلاحیت ہے۔

انہوں نے کہا: اگر ہم کچرے کو الگ کریں، اس میں سے حیاتیاتی مادہ نکال کر اسے ‘بایو ڈائجسٹرز’ میں ڈالیں، تو میتھین گیس بنتی ہے۔ اگر میتھین کو CNG میں تبدیل کرنے کے بجائے گرین ہائیڈروجن بنانے کے لیے استعمال کیا جائے تو صرف شہری کوڑے سے ہی بہت سستی ہائیڈروجن پیدا کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈروجن نہ صرف ٹرانسپورٹ کے لیے اہم ہوگا بلکہ یہ دوا سازی، کیمیکل اور اسٹیل کے شعبے میں بھی استعمال ہوگا۔

اس سے ٹرینیں چلیں گی، ہوائی جہاز اڑیں گے اور فوسل فیول پر انحصار ختم ہو جائے گا۔ گڈکری نے بتایا کہ ہندوستان نے حال ہی میں جاپان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی آٹو موبائل مارکیٹ میں تیسرے مقام پر جگہ بنائی ہے۔ اگر ہندوستان سستی ہائیڈروجن کی پیداوار میں کامیاب ہوتا ہے، تو وہ نہ صرف توانائی کے میدان میں خود کفیل بنے گا بلکہ دنیا بھر میں ایک اہم توانائی برآمد کنندہ بھی بن کر ابھرے گا۔