ہندستان اور آسٹریلیا دفاعی شعبے میں بڑھائیں گے تعاون کا دائرہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 22-06-2022
ہندستان اور آسٹریلیا دفاعی شعبے میں  بڑھائیں گے تعاون کا دائرہ
ہندستان اور آسٹریلیا دفاعی شعبے میں بڑھائیں گے تعاون کا دائرہ

 

 

 آواز دی وائس، نئی دہلی

ہندوستان اور آسٹریلیا نے دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور اس کا دائرہ وسیع کرنے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہندوستان کے چار روزہ دورے پر آئے آسٹریلیائی وزیر اعظم اور وزیر دفاع رچرڈ مارلے کے ساتھ بدھ کو یہاں دو طرفہ بات چیت کی۔

بات چیت کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں وزراء نے دفاعی تعاون سے متعلق سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کورونا وبا کے باوجود ان سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے دفاعی شعبے میں تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت کے دوران دونوں وزراء نے ہندوستان-آسٹریلیا جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے اہم ستونوں دفاع اور سلامتی کے تناظر میں صورتحال کا جائزہ لیا۔

انہوں نے جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے نفاذ کے تئیں عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ باہمی اعتماد، افہام و تفہیم، مشترکہ مفادات اور جمہوریت اور ضابطے کے پابند مشترکہ اقدار پر مبنی ہے ۔ انہوں نے دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان مشقوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور مختلف قسم کا خیرمقدم کیا اور ہندوستان-آسٹریلیا ملٹری لاجسٹک ایکسچینج ارینجمنٹ کے تحت آپریشنل ہم آہنگی پر بھی زور دیا گیا۔

 

وزرائے دفاع نے دفاعی تحقیق اور مواد کے تعاون پر ہندوستان-آسٹریلیا کے مشترکہ ورکنگ گروپ کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔ اس ورکنگ گروپ کا اجلاس اس سال آسٹریلیا میں ہونا ہے۔ یہ ٹاسک فورس دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم طریقہ کار کے طور پر کام کرتی ہے۔

دونوں وزراء نے سپلائی چین کو مضبوط بنانے اور اپنی اپنی فوجوں کو سامان کی سپلائی کی صلاحیت بڑھانے کے لیے صنعتی تعاون کو مزید بڑھانے کے امکانات تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے ہندوستان اور آسٹریلیا کی دفاعی صنعتی بنیاد کو وسعت دینے اور مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

 

انہوں نے اس سال دونوں ممالک کے درمیان ینگ آفیسرز ایکسچینج پروگرام ۔جنرل راوت ینگ آفیسرز ایکسچینج پروگرام کے آغاز کا بھی خیر مقدم کیا۔

دونوں وزراء نے اسٹریٹجک چیلنجوں اور علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور آزاد، کھلے اور جامع، خوشحال اور قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطے کے مشترکہ ہدف کے لیے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے کہا کہ وہ اکتوبر میں آسٹریلیا میں ہونے والی ہند-بحرالکاہل مشق کے بھی منتظر ہیں۔