ہندوستان کو بھی خدشہ تھا کہ طالبان ایک دن افغانستان پر قابض ہو جائیں گے:جنرل راوت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-08-2021
چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت
چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی

چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کے مطابق ہندوستان بھی اس رفتار سے حیران ہے جس کے ساتھ طالبان نے افغانستان پر قبضہ کیا۔

بدھ کے روز ایک پروگرام کے دوران جنرل راوت نے اعتراف کیا کہ ہندوستان کو بھی خدشہ تھا کہ طالبان ایک دن افغانستان پر قابض ہو جائیں گے ، لیکن یہ اتنی تیزی سے نہیں ہو گا ، یہ سوچا بھی نہیں گیا تھا۔

ان کے مطابق 20 سال گزرنے کے بعد بھی طالبان بالکل تبدیل نہیں ہوئے۔ ہندوستان سختی سے نمٹے گا۔

جنرل راوت کے ہمراہ دہلی میں آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن پروگرام میں یو ایس انڈو پیسفک کمانڈ کے ایڈمرل جان ایکیلینو بھی تھے۔

دونوں افسران نے افغانستان اور علاقائی سلامتی سے متعلق اہم سوالات کے جوابات دیئے۔

افغانستان پر طالبان کے قبضے اور ہندوستان پر اس کے ممکنہ اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے جنرل راوت نے کہا- اگر طالبان کے زیر کنٹرول افغانستان سے ہندوستان تک کسی قسم کی دہشت گردانہ کارروائیاں ہوتی ہیں تو ہم فوری اور سختی سے کارروائی کریں گے۔ کواڈ ممالک کو عالمی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بھی تعاون بڑھانا ہوگا۔

 کواڈ چار ممالک کی تنظیم ہے۔ اس میں ہندوستان ، امریکہ ، جاپان اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ چین اسے بحر ہند میں اپنے لیے سب سے بڑا خطرہ اور فوجی چیلنج سمجھ رہا ہے۔

 ہندوستان کے سامنے چیلنج

 ایڈمرل اکیلینو نے چین کا نام لیے بغیر تسلیم کیا کہ ہندوستان کو لائن آف ایکچول کنٹرول پر ایک چیلنج کا سامنا ہے اور جنوبی چین کے سمندر میں بھی کئی چیلنجز ہیں۔ انہوں نے فری نیوی گیشن پر زور دیا۔ ایڈمرل جان نے ہانگ کانگ میں چین کے رویے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ 

اس کے ساتھ ہی جنرل راوت نے کہا کہ ہندوستان خطے کو دہشت گردی سے پاک بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو خدشہ ہے کہ افغانستان کی صورت حال ہمارے ملک کو بھی متاثر کر سکتی ہے اور ہندوستان اس سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کر رہا ہے۔

 طالبان تبدیل نہیں ہوئے

 ایک سوال کے جواب میں ، راوت نے کہا- طالبان 20 سال گزرنے کے باوجود بالکل تبدیل نہیں ہوئے ، ان کے شراکت دار ضرور بدل گئے ہیں۔ یہ وہی طالبان ہے جو 20 سال پہلے تھا ، اب یہ نئے اتحادیوں کے ساتھ ابھرے ہیں۔۔

راوت کا اشارہ ان رپورٹوں کی تصدیق سمجھا جا سکتا ہے جو کہتی ہیں کہ پاکستان کی دہشت گرد تنظیمیں لشکر طیبہ اور جیش محمد افغانستان میں طالبان کی مدد کر رہی ہیں۔