نئی دہلی: لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں انڈیا اتحاد کے لیڈروں کی اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے کے چیمبر میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے ساتھ ساتھ نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کے انتخاب پر تبادلہ خیال کیا گیا دریں اثناء اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے گزشتہ ہفتہ کی طرح ایوان کی کارروائی شروع ہونے سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کے مکر دوار کے باہر مظاہرہ کیا اور بہار میں ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے مسئلہ پر بینر لے کر نعرے لگائے اور مظاہرہ کیا۔
انڈیا اتحاد کے لیڈروں کی میٹنگ کے بعد لوک سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی نے کہا کہ نائب صدر کے عہدے کے امیدوار پر اپوزیشن پارٹیوں کی اس میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا لیکن اس سلسلے میں ابھی وسیع بات چیت ہونا باقی ہے اور اس کے بعد انڈیا الائنس کے امیدوار کا فیصلہ سب کی رضامندی سے کیا جائے گا۔
کانگریس کے مانیکم ٹیگور نے کہا کہ انڈیا اتحاد نائب صدر کے عہدے کے لیے اپنا امیدوار کھڑا کرے گا اور اس کے لیے اتحاد کے رہنماؤں کی میٹنگ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت کے نائب صدر کے امیدوار سی پی رادھا کرشنن کا آر ایس ایس کا پس منظر ہے اور اسے برداشت نہیں کیا جاسکتا۔