نئی دہلی: مغربی بنگال اور آسام میں برتری حاصل کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پیر کے روز کہا ہے کہ اسمبلی انتخابات کے رجحانات نے “انڈی بلاک” میں گہری دراڑیں بے نقاب کر دی ہیں اور اس اپوزیشن اتحاد کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ پارٹی نے کانگریس رہنما راہل گاندھی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتحاد کی مؤثر قیادت کرنے میں ناکام رہے ہیں اور ایک بار پھر ووٹوں کی گنتی کے دن غیر حاضر ہیں۔
الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق رجحانات میں مغربی بنگال میں بی جے پی 192 نشستوں پر آگے ہے، جبکہ حکمران ترنمول کانگریس 94 نشستوں پر برتری رکھتی ہے۔ اسی طرح آسام میں بھی بی جے پی کی پوزیشن مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔ بی جے پی کے قومی ترجمان شہزاد پونہ والا نے کہا کہ انتخابی رجحانات نے اپوزیشن اتحاد میں گہری تقسیم کو واضح کر دیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ “اس انتخاب کا سب سے بڑا سبق یہ ہے کہ انڈی اتحاد مکمل طور پر کمزور اور ختم ہو چکا ہے۔ راہل گاندھی اتحاد کی قیادت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ پورے انتخاب میں یہ واضح رہا کہ وہ انڈی اتحاد کو سنبھالنے میں ناکام رہے۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے دن راہل گاندھی کی غیر موجودگی قابلِ تنقید ہے۔
پونا والا نے مزید کہا، “آج نتائج آ رہے ہیں اور راہل گاندھی ایک بار پھر چھٹیاں منانے کے لیے بیرون ملک ہیں۔ اتحاد کے اتحادیوں کے درمیان کوئی ہم آہنگی نہیں تھی۔” ان کے مطابق، “اب ملک میں انڈی اتحاد نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی، اس کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ انڈی اتحاد کو خراجِ عقیدت!” انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کو پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا سبب قرار دیا۔
بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری ونود تاوڑے نے مغربی بنگال کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “جہاں شریاما پرساد مکھرجی پیدا ہوئے، وہ بنگال ہمارا ہے۔ مغربی بنگال کے عوام نے بی جے پی کو تاریخی مینڈیٹ دیا ہے، ان کا دل سے شکریہ۔”