نئی دہلی
گلوبل ساؤتھ میں منعقد ہونے والا انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ اب تک کا سب سے بڑا اے آئی سمٹ ہے، جو عالمی اے آئی تبدیلی (گلوبل اے آئی ٹرانسفارمیشن) میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو ظاہر کرتا ہے۔ پیر سے شروع ہونے والے پانچ روزہ “انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026” میں 20 سے زائد ممالک کے سربراہانِ مملکت اور حکومت کے سربراہان کے علاوہ مختلف ممالک کے 40 سے 45 سینئر وزرا شرکت کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم مودی کا خیرمقدم
وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی کے بھارت منڈپم میں پیر سے شروع ہونے والے انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ میں شرکت کرنے والے عالمی رہنماؤں، صنعت کاروں، پالیسی سازوں، محققین اور ٹیکنالوجی سے وابستہ پرجوش افراد کا خیرمقدم کیا۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا كہ یہ ہمارے لیے انتہائی فخر کی بات ہے کہ انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ کے لیے دنیا بھر سے لوگ ہندوستان آ رہے ہیں۔ اس سے ہمارے ملک کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کا بھی پتا چلتا ہے۔ یہ موقع اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ ہمارا ملک سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور عالمی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
سروجن ہتائے، سروجن سکھائےتھیم
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ “سروجن ہتائے، سروجن سکھائے” کے موضوع پر مبنی انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ، انسانی مرکزیت پر مبنی ترقی اور شمولیتی ترقی کے لیے اے آئی کے استعمال کے تئیں ہندوستان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ عالمی اے آئی تبدیلی میں ہندوستان کی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ 1.4 ارب آبادی کی طاقت، مضبوط ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، تیزی سے بڑھتا ہوا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم اور ہائی ٹیک تحقیق کی بدولت ہندوستان اے آئی تبدیلی میں دنیا میں سب سے آگے کھڑا ہے۔
زندگی بدل رہا ہے اے آئی
وزیر اعظم مودی نے ایکس پر ایک تھریڈ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا كہ اے آئی پر گفتگو کے لیے پوری دنیا اکٹھی ہو رہی ہے! دہلی کے بھارت منڈپم میں اے آئی امپیکٹ سمٹ کا انعقاد ہو رہا ہے… آج اے آئی صحت، تعلیم، زراعت، حکمرانی اور کاروبار سمیت کئی شعبوں میں تبدیلی لا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی امپیکٹ سمٹ، اے آئی کے مختلف پہلوؤں جیسے جدت، تعاون اور ذمہ دارانہ استعمال پر عالمی سطح پر گفتگو کو مزید تقویت دے گا۔ مجھے یقین ہے کہ اس سمٹ کے نتائج ایک ترقی پسند، اختراعی اور مواقع سے بھرپور مستقبل کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوں گے۔