یوم آزادی: عمر عبداللہ نے کی بخشی اسٹیڈیم میں پرچم کشائی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-08-2025
 یوم آزادی: عمر عبداللہ نے بخشی اسٹیڈیم میں پرچم کشائی
یوم آزادی: عمر عبداللہ نے بخشی اسٹیڈیم میں پرچم کشائی

 



سری نگر،: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ملک کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر یہاں بخشی اسٹیدیم میں جمعہ کی صبح پرچم کشائی کی اور پریڈ سے سلامی لی اس موقع پر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور دیگر کئی اہم لیڈر موجود تھے۔ تقریب میں لوگوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی

وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو اعلان کیا کہ جموں و کشمیر بھر میں گھر گھر مہم چلائی جائے گی تاکہ آنے والے آٹھ ہفتوں میں ریاستی درجہ کی بحالی کے لیے عوامی حمایت حاصل کی جا سکے۔انہوں نے کہا:"میں اور میرے ساتھی ہر اسمبلی حلقے کا دورہ کریں گے اور گھر گھر جا کر دستخط اور انگوٹھے کے نشان جمع کریں گے تاکہ ریاستی درجہ کی بحالی کے حق میں عوامی رائے کو مضبوط کیا جا سکے۔"

سرینگر میں یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران عمر عبداللہ نے کہا:
"سپریم کورٹ نے آٹھ ہفتوں کا وقت دیا ہے اور ہم اسے ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ ہم ہر علاقے تک پہنچیں گے اور یہ یقینی بنائیں گے کہ کوئی گھر یا فرد اس مہم سے محروم نہ رہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم میں ان لوگوں کے انگوٹھے کے نشان بھی لیے جائیں گے جو دستخط نہیں کر سکتے۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا:"یہ چھ سال سے زیادہ ہو گئے ہیں جب جموں و کشمیر کے عوام نے اس پلیٹ فارم سے اپنے نمائندے کی آواز سنی تھی۔ اس وقت میں ایک ایسی ریاست کا وزیرِ اعلیٰ تھا جس کی اپنی شناخت، آئین، پرچم اور ریاستی درجہ تھا۔ آج یہ سب کچھ ختم ہو گیا ہے۔"

عمر عبداللہ نے کہا کہ اگرچہ جمہوریت کی واپسی میں وقت لگا، لیکن اب علاقے میں منتخب حکومت موجود ہے۔ "ہمیں امید تھی کہ 15 اگست کو جموں و کشمیر کے لیے کوئی بڑا اعلان ہوگا۔ مجھے تو یہ بھی بتایا گیا کہ ریاستی درجہ کی بحالی کے کاغذات تیار کیے جا رہے ہیں، مگر کچھ نہیں ہوا،" انہوں نے افسوس کا اظہار کیا۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ لال چوک میں واقع بلیدان استمبھ پہنچے جہاں انہوں نے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سری نگر میں واقع بخشی اسٹیدیم میں منعقد ہو رہی ہے۔ تقریب کے احسن اور پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے ہیں

جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے یوم آزادی کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے واضح رہے کہ ملک آج 79 واں یوم آزادی منایا رہا ہے منوج سنہا نے اس موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی انہوں نے 'ایکس' پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ' یوم آزادی کے مقدس موقع پر لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، جئے ہند'۔ عمر عبداللہ نے اس موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے 'ایکس' پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: '79 ویں یوم آزادی پر لوگوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں'۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ سرزمین امن، ہم آہنگی اور خوشحالی سے چمکتی رہے