کٹھمنڈو/ آواز دی وائس
نیپال کی راجدھانی کٹھمنڈو میں حکام نے پہلے جاری حکم کو ہٹائے جانے کے چند ہی گھنٹوں بعد منگل کو دوبارہ غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر دیا۔کٹھمنڈو ضلعی انتظامیہ کے دفتر نے صبح ساڑھے آٹھ بجے سے اگلی اطلاع تک پورے شہر میں کرفیو نافذ کرنے کا حکم جاری کیا۔
سوشل میڈیا پر لگائے گئے پابندیوں کو لے کر پیر کو سیکورٹی فورسز اور نوجوانوں کے گروپوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن میں 19 افراد ہلاک اور 300 سے زیادہ زخمی ہوئے۔ صورتِ حال کو قابو میں لانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا۔ اس سے پہلے نافذ کیا گیا کرفیو منگل کی صبح پانچ بجے ختم ہوا تھا۔
کٹھمنڈو کے چیف ڈسٹرکٹ آفیسر چھوی لال رِجال کی طرف سے جاری نوٹس میں کہا گیا کہ کرفیو کے دوران لوگوں کی آمد و رفت، کسی بھی قسم کی سبھا، احتجاجی مظاہرے، میٹنگ اور دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹس میں کہا گیا: ’’تاہم ایمبولینس، فائر بریگیڈ، ہیلتھ ورکرز کو لے جانے والی گاڑیوں، سیاحوں، میڈیا اہلکاروں اور ہوائی مسافروں کو سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ہم آہنگی قائم کر کے آنے جانے کی اجازت دی جائے گی۔
بھکت پور ضلع کی انتظامیہ نے بھی پیپسی کولا، رادھے رادھے چوک، سلاگھری، دُواکوت اور چانگُ نارائن مندر سمیت کئی علاقوں میں منگل کی صبح ساڑھے آٹھ بجے سے غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر دیا۔
انتظامیہ نے کٹھمنڈو سے ملحقہ للیت پور کے کچھ حصوں میں بھی پابندی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ کرفیو کے احکامات کے باوجود، منگل کی صبح کئی علاقوں میں طلبہ کی قیادت میں حکومت مخالف مظاہرے ہوئے۔ کٹھمنڈو کے کلنکی اور بانیشور، نیز للیت پور ضلع کے چاپاگاؤں-تھیچو علاقوں سے بھی مظاہروں کی خبریں ملی ہیں۔
مظاہرین میں زیادہ تر طلبہ شامل تھے، جنہوں نے اجتماع پر لگائی گئی پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ’’طلبہ کو مت مارو‘‘ جیسے نعرے لگائے۔
عینی شاہدین کے مطابق، کلنکی میں مظاہرین نے صبح ٹائر جلا کر سڑکوں کو بند کر دیا۔کرفیو نافذ ہونے کے بعد لوگ گھبرا گئے اور ضروری سامان خریدنے کے لیے کریانہ اور میڈیکل اسٹورز کی طرف دوڑ پڑے۔ پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہو گیا ہے اور تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
حکومت نے عوام کے غصے کو کم کرنے کے لیے پیر کی رات دیر گئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے پابندی ہٹا لی۔