لکھنؤ/ آواز دی وائس
بہوجن سماج پارٹی (بسپا) کی قومی صدر مایاوتی نے جمعہ کو کہا کہ سیاست میں اعلیٰ عہدوں پر فائز لوگوں کے خلاف ناشائستہ تبصرہ کیا جانا افسوسناک اور تشویشناک ہے۔ ان کا یہ بیان بہار میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی ’ووٹرس ادھیکار یاترا‘ کے دوران مبینہ طور پر ایک اسٹیج سے کچھ لوگوں کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف کی گئی ناشائستہ باتوں کے بعد آیا ہے۔
بسپا سربراہ نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ ملک میں خاص طور پر سیاسی مفاد کی خاطر سیاست کا گرتا ہوا معیار انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اعلیٰ سرکاری و غیر سرکاری اداروں اور خاص طور پر سیاست میں اعلیٰ عہدوں پر بیٹھے لوگوں کے بارے میں جس طرح کے ناشائستہ، غیرمہذب، غیرپارلیمانی اور بے حد نامناسب تبصرے کرکے ان کی اور ملک کی شبیہ کو داغدار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے وہ نہایت افسوسناک اور تشویشناک ہے۔
اتر پردیش کی سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس تعلق میں تمام پارٹیوں کی سیاست اصول پر مبنی اور ملک و عوام کے مفاد میں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر انتخابات کے دوران یہ سلسلہ اور بھی زیادہ زہریلا اور پرتشدد ہو جاتا ہے۔ اسی کڑی میں ابھی بہار میں جو کچھ دیکھنے اور سننے کو ملا ہے وہ ملک کی تشویش میں اضافہ کرنے والا ہے۔
مایاوتی نے کہا کہ بسپا ہر طرح کی آلودہ اور زہریلی سیاست کے خلاف ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس مسئلے پر کہا ہے کہ بہار میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس قیادت والے ’انڈیا‘ اتحاد کو عوام ’’سزا‘‘ دیں گے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آئی ایک ویڈیو کلپ میں کچھ لوگ ’ووٹرس ادھیکار یاترا‘ کے دوران مبینہ طور پر ایک اسٹیج سے وزیراعظم مودی کے خلاف گالیاں دیتے نظر آتے ہیں۔
یہ ویڈیو دربھنگہ ضلع کا بتایا جا رہا ہے، جہاں سے بدھ کی صبح یہ یاترا شروع ہوئی تھی اور راہل گاندھی، ان کی بہن اور کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر تیجسوی یادو موٹرسائیکل پر مظفرپور کے لیے روانہ ہوئے تھے۔