کارپوریٹ شعبے میں کام کا بڑھتادباؤ: ضابطہ سازی کا راجیہ سبھا میں مطالبہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 12-12-2025
کارپوریٹ شعبے میں کام کا بڑھتادباؤ: ضابطہ سازی کا راجیہ سبھا میں مطالبہ
کارپوریٹ شعبے میں کام کا بڑھتادباؤ: ضابطہ سازی کا راجیہ سبھا میں مطالبہ

 



نئی دہلی: جمعہ کو راجیہ سبھا میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ (JMM) کی ایک رکن نے کارپوریٹ سیکٹر میں ملازمین سے اندھا دھند کام لینے کے معاملے کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی صورتحال ذہنی صحت کے مسائل پیدا کرتی ہے، اس لیے حکومت کو ضابطے بنانے چاہئیں تاکہ ملازمین دباؤ اور تناؤ سے آزاد ماحول میں کام کر سکیں۔

جے ایم ایم کی مہوا ماجی نے خصوصی ذکر کے ذریعے یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ مقابلے کی اس دوڑ میں کارپوریٹ سیکٹر میں کام کرنے والوں کے حقوق نظر انداز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ دنیا میں سخت مسابقت، ترقی کی دوڑ، اور دباؤ کی وجہ سے ملازمین کو چھٹی کے بعد بھی کام کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال تناؤ، دباؤ، مایوسی اور ڈپریشن کی طرف لے جاتی ہے، اور گزشتہ سال کئی نوجوان ذہنی دباؤ سے شکست کھا کر اپنی جان دے بیٹھے۔ مہوا ماجی نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر میں کم از کم کام کے اوقات کا ذکر تو ہوتا ہے مگر زیادہ سے زیادہ وقت کا کوئی ذکر نہیں۔ کئی بار چھٹی والے دن بھی کام لیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونِ ممالک میں اضافی کام کو قواعد کی خلاف ورزی مانا جاتا ہے، مگر ہمارے یہاں صورتحال بالکل مختلف ہے۔ کم عملے کی وجہ سے ایک ملازم سے کئی طرح کے کام کروائے جاتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کارپوریٹ سیکٹر میں کام کرنے والوں کے لیے ذہنی صحت، اوور ٹائم، کام کے اوقات اور چھٹیوں سے متعلق واضح ضوابط بنائے جائیں۔

دیگر اراکین کے مطالبات دراوڑ منیترا کڑگم (DMK) کے رکن آر گِرِی راجن نے کہا کہ معذور افراد کو دیہی مقامی انتظامیہ میں نامزد رکن کے طور پر تعینات کرنے کی لازمی گنجائش ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا، “اس سے انہیں باوقار زندگی مل سکے گی۔” انہوں نے بتایا کہ شہری مقامی اداروں میں تین ہزار سے زیادہ معذور افراد نامزد رکن کے طور پر تعینات کیے گئے ہیں۔

بی جے پی کے سُجیت کمار نے ملک کو ہر میدان میں خود کفیل بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ حکومت کو دیسی مصنوعات کی تیاری اور ان کی فروخت کے نظام کو مضبوط کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق یہ روزگار بڑھانے اور خود انحصاری میں مددگار ثابت ہوگا۔ ڈی ایم کے کی راجاتھّی نے بچوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے معاملے کو اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی واقعات بچوں کے ذہن پر گہرا اور دائمی اثر چھوڑتی ہیں۔

انّا ڈی ایم کے کے ایم دھنپال، نامزد رکن ہرش وردھن شرنگلا، کانگریس کے پرمود تیواری، شکتسنگھ گوہل، جے بی ماتھر ہیشم، نامزد رکن ستنام سنگھ سندھو، بی جے ڈی کی سُلتہ دیو، سسمیت پترا، سی پی ایم کے وی شیوداسن، جان بریٹاس، بی جے پی کے بھگوت کراڑ، سُمترا والمیک، مایا نارولیا اور سی پی آئی کے سندوش کمار پی نے بھی ایوان کی اجازت سے عوامی اہمیت کے مختلف مسائل خصوصی ذکر کے ذریعے اٹھائے۔ اس کے بعد شام 5 بج کر 13 منٹ پر ایوانِ بالا کی کارروائی پیر، 15 دسمبر کو صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔