نئی دہلی: وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے ان اسکیموں کے تحت مالی امداد میں 100 فیصد اضافہ کی منظوری دے دی ہے، جو مرکزی فوجی بورڈ (Central Sainik Board) کے ذریعے لاگو کی جاتی ہیں۔ اس فیصلے کے بعد تعلیم، شادی اور غربت کے تحت دی جانے والی مالی امداد کی رقم دوگنی ہو گئی ہے۔
نئی ترمیم شدہ شرحیں یکم نومبر 2025 سے نافذ العمل ہوں گی۔ بدھ کے روز وزارتِ دفاع نے اس سلسلے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اسکیمیں محکمہ سابق فوجی فلاح و بہبود (Department of Ex-Servicemen Welfare) کے ذریعے مرکزی فوجی بورڈ کے تحت لاگو کی جاتی ہیں۔ غربت کے تحت دی جانے والی مالی امداد کو 4,000 روپے ماہانہ سے بڑھا کر 8,000 روپے ماہانہ فی مستفید کر دیا گیا ہے۔
یہ امداد ان غیر پینشن یافتہ سابق فوجیوں کی بیواؤں اور 65 سال سے زائد عمر کے زیرِ کفالت افراد کو عمر بھر دی جائے گی، جن کی کوئی باقاعدہ آمدنی نہیں ہے۔ تعلیم کے تحت امداد کی رقم بھی بڑھا دی گئی ہے۔ سابق فوجیوں کے دو زیرِ کفالت بچوں (جماعت اول سے گریجویشن تک) یا دو سالہ پوسٹ گریجویٹ کورس کر رہی بیواؤں کے لیے یہ امداد 1,000 روپے ماہانہ فی فرد سے بڑھا کر 2,000 روپے ماہانہ کر دی گئی ہے۔
حکومت نے شادی امداد میں بھی اضافہ کیا ہے۔ اب یہ امداد 50,000 روپے سے بڑھا کر 1,00,000 روپے فی مستفید کر دی گئی ہے۔ وزارتِ دفاع کے مطابق یہ امداد زیادہ سے زیادہ دو بیٹیوں کی شادی یا بیواؤں کی دوبارہ شادی کے لیے دی جائے گی، بشرطیکہ شادی اس حکم کے جاری ہونے کے بعد انجام پائی ہو۔
وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ منظور شدہ نئی شرحیں یکم نومبر 2025 سے موصول ہونے والی درخواستوں پر لاگو ہوں گی۔ ان اقدامات سے ہر سال تقریباً 257 کروڑ روپے کا مالی بوجھ پڑے گا، جو آرمڈ فورسز فلیگ ڈے فنڈ سے پورا کیا جائے گا۔ یہ تمام اسکیمیں "وزیرِ دفاع سابق فوجی فلاحی فنڈ" کے تحت چلائی جا رہی ہیں، جو آرمڈ فورسز فلیگ ڈے فنڈ کا ایک ذیلی فنڈ ہے۔