اس سال نکسلی تشدد کے 26 واقعات سامنے آئے: حکومت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-04-2026
اس سال نکسلی تشدد کے 26 واقعات سامنے آئے: حکومت
اس سال نکسلی تشدد کے 26 واقعات سامنے آئے: حکومت

 



نئی دہلی:حکومت نے بدھ کے روز راجیہ سبھا کو بتایا کہ اس سال 15 مارچ تک ملک میں ماؤ نوازوں کی جانب سے تشدد کے 26 واقعات پیش آئے، جن میں پانچ شہری، ایک سکیورٹی اہلکار اور 52 نکسلی ہلاک ہوئے۔ وزارت داخلہ کے مملکتی وزیر نتیانند رائے نے ایک سوال کے تحریری جواب میں ایوانِ بالا کو بتایا: “بائیں بازو کی انتہاپسندی (LWE) سے متاثر اضلاع کی تعداد 2013 میں 126 تھی، جو مارچ 2026 میں کم ہو کر صرف دو رہ گئی ہے۔

ایک ضلع کو ‘تشویشناک ضلع’ کے زمرے میں رکھا گیا ہے، جہاں نکسلیوں کی پرتشدد سرگرمیوں پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، لیکن اب بھی کچھ کیڈر موجود ہیں۔” انہوں نے کہا کہ اس وقت 35 اضلاع ایسے ہیں جو اب انتہاپسند تشدد سے متاثر نہیں ہیں، تاہم ان اضلاع کی صورتحال کو مستحکم بنانے اور سکیورٹی و ترقیاتی اقدامات کے لیے کچھ وقت تک مسلسل مدد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بہار کے چار اضلاع (اورنگ آباد، گیا، جمئی، لکھسارائے) بھی اسی زمرے میں شامل ہیں۔ رائے نے کہا کہ انتہاپسند تشدد کے واقعات 2010 میں اپنی بلند ترین سطح (1936) پر تھے، جو 2025 میں کم ہو کر 234 رہ گئے، یعنی اس میں 88 فیصد کمی آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2025 میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 364 نکسلی مارے گئے، 1022 کو گرفتار کیا گیا اور 2337 کو ہتھیار ڈالنے میں مدد فراہم کی گئی۔ بائیں بازو کی انتہاپسندی سے متعلق تشدد کی رپورٹ کرنے والے پولیس تھانوں کی تعداد 2010 میں 465 تھی، جو 2025 میں کم ہو کر 119 رہ گئی۔