نئی دہلی: دہلی حکومت نے قومی دارالحکومت میں گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی کم کرنے کے لیے مرکزی وزارتِ سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہوں کی "پریورتن" اسکیم نافذ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پرانی اور زیادہ آلودگی پھیلانے والی ٹرکوں اور بسوں کی جگہ بی ایس-6 معیار یا برقی (الیکٹرک) گاڑیوں کو فروغ دینا ہے۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ یہ منصوبہ دہلی-این سی آر میں پرانی تجارتی گاڑیوں کی جگہ ماحول دوست گاڑیاں لانے کی سمت ایک اہم قدم ہے، جس سے فضائی آلودگی میں کمی اور صاف نقل و حمل کے نظام کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت اگر بی ایس-4 یا اس سے پرانی ہلکی مال بردار گاڑی (LGV) کا مالک اپنی گاڑی اسکریپ کر کے نئی الیکٹرک ایل جی وی خریدتا ہے تو اسے 10 سال تک موٹر وہیکل ٹیکس اور رجسٹریشن فیس میں 100 فیصد چھوٹ دی جائے گی۔
اس کے علاوہ مستحقین کو 5 فیصد شرح سود پر سبسڈی، گاڑی بنانے والی کمپنی کی جانب سے 8 فیصد رعایت اور ایندھن واؤچر یا اس کی رعایتی قیمت کے برابر یکمشت مالی فائدہ بھی دیا جائے گا۔ اگر کوئی شخص نئی کے بجائے استعمال شدہ الیکٹرک گاڑی خریدتا ہے تو اسے 10 سال کے لیے موٹر وہیکل ٹیکس میں 50 فیصد رعایت، 5 فیصد سودی سبسڈی اور ایندھن واؤچر کے مساوی یکمشت امداد فراہم کی جائے گی۔ ریکھا گپتا نے کہا کہ اس اسکیم سے دہلی-این سی آر کے تقریباً 2.07 لاکھ ٹرک اور بس مالکان کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت بڑی تعداد میں پرانی اور زیادہ آلودگی پھیلانے والی تجارتی گاڑیوں کی جگہ جدید اور صاف ستھری گاڑیاں سڑکوں پر آئیں گی، جس سے فضائی آلودگی میں نمایاں کمی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی حکومت صاف نقل و حمل کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے، اسی لیے اس اسکیم کے تحت دہلی میں خریدی جانے والی تمام ہلکی مال بردار گاڑیاں صرف الیکٹرک ہوں گی، جبکہ بسوں کے لیے صرف بی ایس-6 سی این جی یا الیکٹرک گاڑیوں کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دہلی ای وی پالیسی-2026 کے اہداف کو مزید مضبوط کرے گا۔