پریم جی کے خلاف کیس پرکورٹ نے دووکیلوں کو ہی جیل بھیجنے کا حکم دیدیا

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 16-01-2022
پریم جی کے خلاف کیس پرکورٹ نے دووکیلوں کو ہی جیل بھیجنے کا حکم دیدیا
پریم جی کے خلاف کیس پرکورٹ نے دووکیلوں کو ہی جیل بھیجنے کا حکم دیدیا

 

 

بنگلور: ایک ہی معاملے میں وپرو کے بانی عظیم پریم جی کے خلاف متعدد درخواستیں دائر کرنا دو وکیلوں کو مہنگا پڑا ہے۔

کرناٹک ہائی کورٹ نے دو وکلاء کو جیل کی سزا سنائی ہے۔ ان دونوں نے این جی او انڈیا اویک فار ٹرانسپرنسی کی جانب سے صنعتکار کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

جمعہ کو اپنے فیصلے میں جسٹس بی ویرپا اور جسٹس کے ایس ہیمالیکا کی بنچ نے دونوں ملزمین کو دو ماہ کی سادہ قید اور دو دو ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

مزید یہ کہ عدالت نے ملزم کو عظیم پریم جی اور ان کی کمپنیوں کے خلاف کوئی قانونی کاروائی کرنے سے روک دیا ہے۔ دونوں ملزمین کے نام آر سبرامنیم اور پی سدانند ہیں۔

پریم جی کے خلاف مقدمہ مالی بے ضابطگیوں کے الزامات سے متعلق ہے۔ آر سبرامنیم عدالتی کارروائی کے دوران وکیل کے طور پر پیش ہوئے جبکہ سدانند کمپنی کے رضاکار کے طور پر پیش ہوئے۔

ڈویژن بنچ نے اپنے فیصلے میں کہا، "یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ ملزم نے 'پرائیویٹ لمیٹڈ' کے الفاظ استعمال کیے بغیر، ایک غیر موجود کمپنی کے نام پر بار بار رٹ درخواستیں، رٹ اپیلیں وغیرہ دائر کیں۔

یہ عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں۔ عدالت نے کہا، 'اس عمل کا مذاق اڑایا گیا ہے۔ آپ نے پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرکے نہ صرف عوام کے مفاد کو متاثر کیا ہے بلکہ انصاف کے انتظام میں بھی مداخلت کی ہے۔

عدالت نے کہا کہ اس طرح یہ توہین عدالت ایکٹ 1971 کے سیکشن 2(c) کے دفعات کے تحت توہین عدالت کے مجرمانہ زمرے میں آتا ہے، جو کہ مذکورہ ایکٹ کے سیکشن 12 کے تحت قابل سزا ہے۔