خلاء میں اب بات قومیت کی نہیں انسانیت کی ہے- شبھنشو شکلا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 10-10-2025
خلاء میں اب بات قومیت کی نہیں انسانیت کی ہے- شبھنشو شکلا
خلاء میں اب بات قومیت کی نہیں انسانیت کی ہے- شبھنشو شکلا

 



پنجی، 10 اکتوبر (پی ٹی آئی):
بھارتی فضائیہ کے گروپ کیپٹن شبھنشو شکلا، جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) تک پہنچنے والے پہلے بھارتی بن گئے ہیں، نے کہا کہ جب کوئی انسان زمین کو پیچھے چھوڑ کر خلا میں جاتا ہے تو پوری زمین اس کی شناخت بن جاتی ہے۔گوا میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے شکلا نے کہا کہ خلا میں قومیت کی کوئی اہمیت نہیں رہتی، وہاں انسانیت سب سے زیادہ مقدم ہو جاتی ہے۔

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر اپنے تجربے کو بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیشن سے زمین کو دیکھنا ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے آپ ایک ایسے دفتر میں ہوں جہاں سے دنیا کا سب سے خوبصورت منظر دکھائی دیتا ہو۔انہوں نے کہا، یہ تجربہ بے حد حیرت انگیز تھا۔

وہ کونسل فار انڈین اسکول سرٹیفکیٹ ایگزامینیشنز سے منسلک اسکولوں کے طلبہ سے ایک ورچوئل سیشن کے دوران خطاب کر رہے تھے جس کا عنوان تھا Igniting Minds, Exploring Frontiers: The Convergence of Space, Education, and Industry.

اس دوران شکلا نے کہا کہ اگرچہ دنیا میں لوگوں کی شناختیں مختلف ہوتی ہیں، لیکن جب کوئی خلا میں پہنچتا ہے تو یہ سب شناختیں مٹ جاتی ہیں۔انہوں نے کہا، جب آپ بچپن میں اسکول جاتے ہیں تو آپ کا گھر اور والدین آپ کی شناخت بن جاتے ہیں۔جب آپ کالج جاتے ہیں تو کالج آپ کی شناخت بن جاتا ہے۔جب آپ کسی اور شہر میں جاتے ہیں تو وہ شہر آپ کی پہچان بن جاتا ہے۔جب آپ بیرون ملک جاتے ہیں تو آپ کا ملک آپ کی شناخت ہوتا ہے۔جب میں امریکہ میں اپنے خلائی مشن کی تربیت حاصل کر رہا تھا تو میرا ملک میری شناخت تھا۔
لیکن جب آپ زمین کو چھوڑ دیتے ہیں تو پوری زمین آپ کی شناخت بن جاتی ہے۔یہ ایک انتہائی گہرا احساس ہے/پوری زمین آپ کا گھر بن جاتی ہے۔

انہوں نے کہا، آپ کسی خاص براعظم، کسی ملک، کسی علاقے یا اپنے شہر پر زوم نہیں کرتے۔آپ بس زمین کو دیکھتے ہیں اور کہتے ہیں: یہی میرا گھر ہے۔ شکلا نے کہا کہ خلا میں قومیت کی کوئی حیثیت نہیں رہتی کیونکہ انسانیت سب سے بڑی قدر بن جاتی ہے۔

انہوں نے 1984 میں ہندستان کے پہلے خلا باز راکیش شرما کے اُس مشہور جملے سارے جہاں سے اچھا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، اب میں پوری طرح سمجھ سکتا ہوں کہ انہوں نے یہ کیوں کہا تھا اور اس وقت وہ کیا محسوس کر رہے تھے۔

شکلا نے طلبہ سے کہا کہ جب آپ زمین کو اوپر سے دیکھتے ہیں تو آپ کا نظریہ بدل جاتا ہے۔
انہوں نے کہا، زمین پر آپ چاہے کتنے ہی بڑے عہدے پر ہوں، یا کتنے ہی بااثر شخص بن جائیں، لیکن جب آپ خلا سے اپنی زمین کو دیکھتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ ہم کتنے چھوٹے اور معمولی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے پہلی بار خلا سے ہندستان کو دیکھا تو وہ لمحہ ان کے لیے انتہائی جذباتی تھا۔
انہوں نے کہا، میں دو سے تین دن خلا میں گزار چکا تھا۔ ایک دن اپنے کام میں مصروف تھا کہ ایک ناسا کے خلا باز نے مجھ سے کہا کہ ہم اب ہندستان کے اوپر سے گزرنے والے ہیں۔
اس نے پوچھا کہ کیا میں دیکھنا چاہوں گا۔
میں نے فوراً کہا: ضرور۔
پھر اس نے کیمرے سیٹ کیے
رات کے وقت پورے ملک کے اوپر سے گزرنے کا منظر ناقابلِ بیان حد تک خوبصورت تھا، اور اس لمحے کے جذبات بے حد گہرے اور متاثر کن تھے۔گروپ کیپٹن شکلا، جو بھارتی فضائیہ کے افسر اور ٹیسٹ پائلٹ ہیں، نے اگست میں ایگزیوم 4 مشن کے تحت اپنی پہلی خلائی پرواز مکمل کی۔یہ ایک تجارتی خلائی مشن تھا جو آئی ایس آر او اور ناسا کی مدد سے ایگزیوم اسپیس کے ذریعے چلایا گیا۔یہ سفر ہندستان کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوا — شبھنشو شکلا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک پہنچنے والے پہلے بھارتی اور 1984 میں راکیش شرما کے بعد خلا میں جانے والے دوسرے بھارتی ہیں۔