نئی دہلی: الہ آباد ہائی کورٹ کے جسٹس یشونت ورما کے خلاف کیش اسکینڈل کے معاملے میں مشکلات بڑھتی نظر آ رہی ہیں۔ ان کے خلاف لوک سبھا میں اسپیکر اوم برلا نے منگل (12 اگست) کو مواخذے (Impeachment) کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس تجویز پر کُل 146 ارکان نے دستخط کیے ہیں، جن میں حکمراں جماعت اور اپوزیشن دونوں کے رہنما شامل ہیں۔ لوک سبھا اسپیکر نے ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے اور اس کمیٹی میں شامل ججوں کے نام بھی اعلان کر دیے گئے ہیں۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی بنائی ہوئی اس تحقیقاتی کمیٹی میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ایک ایک جج کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ ایک قانون دان کو بھی کمیٹی میں رکھا گیا ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ آنے تک مواخذے کی تجویز زیرِ التواء رہے گی۔ کمیٹی کی بات کی جائے تو اس میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس اروِند کمار، کرناٹک ہائی کورٹ کے سینیئر ایڈووکیٹ بی بی آچاریہ اور مدراس ہائی کورٹ کے چیف جسٹس منیندر موہن شریواستو شامل ہیں۔
دراصل اس سال 14 مارچ کو جسٹس ورما کے سرکاری رہائش گاہ میں آگ لگ گئی تھی۔ وہ اُس وقت دہلی ہائی کورٹ میں تھے۔ اطلاع ملنے کے بعد دہلی فائر سروس کی ٹیم ان کے گھر پہنچی۔ فائربریگیڈ نے آگ پر قابو پا لیا، لیکن اس کے بعد ایک چونکا دینے والا منظر سامنے آیا۔
جسٹس ورما کے اسٹور روم سے 500-500 روپے کے جلے ہوئے نوٹوں کے بنڈل ملے، جو بوریوں میں بھر کر رکھے گئے تھے۔ جسٹس ورما نے کہا تھا کہ ان کے گھر یا اسٹور میں کوئی نقدی موجود نہیں تھی، اور انہیں سازش کے تحت پھنسایا جا رہا ہے۔ اس کے بعد 28 مارچ کو جسٹس ورما کا تبادلہ الہ آباد ہائی کورٹ میں کر دیا گیا۔