نئی دہلی: مانسون کی بارشوں اور موسمی تبدیلیوں کے درمیان دہلی-این سی آر میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ایچ ون این ون (سوائن فلو) کے معاملات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بخار، کھانسی، نزلہ اور سانس سے متعلق دیگر علامات کے ساتھ مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
گروگرام کے فورٹس میموریل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں داخلی امراض کے پرنسپل ڈائریکٹر ڈاکٹر ستیش کول نے کہا کہ گزشتہ تین سے چار ہفتوں کے دوران اسپتالوں میں سانس کی بیماریوں کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا، "جانچ سے معلوم ہوا ہے کہ ایچ ون این ون (سوائن فلو) کے کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ او پی ڈی میں روزانہ تقریباً 7 سے 10 ایسے مریض آ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کووڈ-19 کے کیسز میں بھی معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔"
ڈاکٹروں نے بتایا کہ زیادہ تر ایچ ون این ون انفیکشن ہلکے نوعیت کے ہوتے ہیں اور بخار عموماً 3 سے 5 دن میں اتر جاتا ہے، تاہم معمر افراد، چھوٹے بچے اور ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر یا دل کی بیماری جیسے پہلے سے موجود امراض میں مبتلا افراد کو پیچیدگیوں کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ ایمس، نئی دہلی کے شعبۂ طب کے پروفیسر ڈاکٹر سنجیو سنہا نے کہا کہ مانسون کے دوران درجہ حرارت میں کمی کے باعث انفلوئنزا وائرس زیادہ سرگرم ہو جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا، "مریضوں میں گلے میں خراش، ناک بہنا، خشک کھانسی اور سر درد جیسی علامات دیکھی جا رہی ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ معمر افراد، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور گردوں کی دائمی بیماری میں مبتلا افراد انفیکشن کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر سنہا نے مشورہ دیا کہ اگر کسی شخص میں ایچ ون این ون کی تصدیق ہو جائے تو وہ دو سے تین دن گھر میں الگ تھلگ رہے، ماسک استعمال کرے اور فوری طور پر ڈاکٹر سے علاج کے لیے رابطہ کرے۔
سر گنگا رام اسپتال کے شعبۂ داخلی امراض کے چیئرمین ڈاکٹر اتل کاکر نے کہا کہ دہلی میں اس وقت موسمی وائرل سانس کی بیماریوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور بہت سے مریض فلو جیسی علامات کے ساتھ اسپتال پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر مریضوں میں تیز بخار، نزلہ، کھانسی، جوڑوں اور پٹھوں میں درد، شدید کمزوری، ناک بہنا اور گلے میں درد جیسی علامات پائی جا رہی ہیں، اور بارشوں کے بعد یہ رجحان مزید بڑھ گیا ہے۔
ڈاکٹر کاکر کے مطابق بچے، معمر افراد، کمزور قوتِ مدافعت رکھنے والے مریض، نیز سی او پی ڈی (COPD)، دل اور گردوں کی بیماریوں میں مبتلا افراد میں شدید علامات ظاہر ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ بعض مریضوں کو علامات کی شدت کے باعث اسپتال میں داخل بھی کرنا پڑتا ہے، اگرچہ زیادہ تر افراد 5 سے 7 دن میں صحت یاب ہو جاتے ہیں۔ ڈاکٹروں نے مشورہ دیا ہے کہ اگر کسی شخص کو نمونیا جیسی علامات، مسلسل تیز بخار یا سانس لینے میں دشواری ہو، تو وہ خاص طور پر اگر وہ زیادہ خطرے والے گروپ سے تعلق رکھتا ہو، فوری طور پر طبی امداد حاصل کرے۔