مسجد میں امام کے اہل خانہ کاقتل:پولیس نے سلجھائی گتھی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 12-10-2025
مسجد میں امام کے اہل خانہ کاقتل:پولیس نے سلجھائی گتھی
مسجد میں امام کے اہل خانہ کاقتل:پولیس نے سلجھائی گتھی

 



باغپت: پولیس نے ضلع باغپت کے دوگھٹ علاقے میں ایک امام کی بیوی اور دو بیٹیوں کے مبینہ قتل کے معاملے میں اتوار کو امام کے دو نابالغ شاگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ باغپت ضلع میں امام کی بیوی اور ان کی دو کمسن بیٹیوں کو ہفتے کے روز تیز دھار ہتھیار سے قتل کر دیا گیا تھا۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ سورج کمار رائے نے بتایا کہ گنگنولی گاؤں میں ہفتے کے روز امام ابراہیم کی بیوی اسرانه (30 سال) اور بیٹیاں صوفیہ (5 سال) اور سمیّہ (2 سال) کی خون میں لت پت لاشیں ان کے گھر سے ملی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ اس واردات کو امام ابراہیم کے دو نابالغ شاگردوں نے ہی انجام دیا ہے۔ پوچھ گچھ میں دونوں ملزمان نے اپنا جرم قبول کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق، نابالغوں نے بتایا کہ امام ابراہیم کی ڈانٹ ڈپٹ اور مار پیٹ سے تنگ آ کر انہوں نے یہ قدم اٹھایا۔ سپرنٹنڈنٹ رائے نے بتایا کہ ملزمان نے انکشاف کیا کہ ہفتے کے روز جب امام ابراہیم کسی کام سے باہر گئے تھے، تو دونوں نے پہلے مسجد کے اندر رہنے والی ابراہیم کی بیوی اور بچیوں پر ہتھوڑے سے حملہ کیا، پھر چھری کے وار سے ان تینوں کو قتل کر دیا۔

ملزمان کی نشاندہی پر قتل میں استعمال ہونے والا ہتھوڑا اور چھری بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ رائے نے بتایا کہ واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سات خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے محض چھ گھنٹوں میں معاملے کو حل کر لیا۔ پولیس نے دونوں نابالغ ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔