آئی آئی ٹی حیدرآباد کے طالب علم کو 2.5 کروڑ روپے کا ریکارڈ پیکیج

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 02-01-2026
آئی آئی ٹی حیدرآباد کے طالب علم کو 2.5 کروڑ روپے کا ریکارڈ پیکیج
آئی آئی ٹی حیدرآباد کے طالب علم کو 2.5 کروڑ روپے کا ریکارڈ پیکیج

 



حیدرآباد: مشکل جاب مارکیٹ کے باوجود انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، حیدرآباد (IITH) نے اس سال پلیسمنٹ میں نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ادارے کے کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ (CSE) کے ایک طالب علم کو نیدرلینڈز کی عالمی ٹریڈنگ فرم سے سالانہ 2.5 کروڑ روپے کا پیکیج ملا ہے۔ یہ 2008 میں IITH کے قیام کے بعد اب تک کا سب سے بڑا پلیسمنٹ آفر ہے۔

فائنل ایئر کے طالب علم ایڈورڈ ناتھن ورگیز جولائی سے نیدرلینڈز کی ٹریڈنگ فرم آپٹیور (Optiver) میں سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام شروع کریں گے۔ 21 سالہ ورگیز کو یہ آفر دو ماہ کی سمر انٹرن شپ کے بعد پری پلیسمنٹ آفر (PPO) کی شکل میں ملی۔ ورگیز نے بتایا کہ انہوں نے صرف اسی ایک کمپنی کے لیے انٹرویو دیا تھا۔ انہوں نے کہا، "جب میرے مینٹر نے اشارہ دیا کہ مجھے آفر مل سکتی ہے تو میں بے حد خوش تھا۔ میرے والدین بھی بہت خوش ہیں۔

" حیدرآباد میں پیدا ہونے اور وہیں پرورش پانے والے ورگیز نے بتایا کہ انہیں اچھے پیکیج کی امید تھی، حالانکہ مارکیٹ میں سست روی جاری ہے۔ انہوں نے کہا، "مجھے یقین تھا کہ آئی آئی ٹی کا ٹیگ کمپنیوں کو کیمپس تک لے آئے گا۔ اس کے علاوہ، پہلے سال سے ہی میں مسابقتی پروگرامنگ میں سرگرم رہا ہوں اور ملک کے ٹاپ 100 پروگرامرز میں شامل رہا ہوں۔ اس سے انٹرویو کلیئر کرنے میں کافی مدد ملی۔

" انہوں نے یہ بھی کہا کہ ادارے کے لچکدار نصاب اور متنوع کورس آپشنز نے ان کی تیاری کو مضبوط بنایا۔ آپٹیور کی اس سمر انٹرن شپ کے لیے دو طلبہ کا انتخاب ہوا تھا، لیکن PPO صرف ورگیز کو ملا۔ انٹرن شپ میں دو ہفتوں کی ٹریننگ اور چھ ہفتوں کا پروجیکٹ شامل تھا۔ اب وہ کمپنی کے نیدرلینڈز آفس میں فل ٹائم کام کریں گے۔

ورگیز کے علاوہ، IITH کے ایک اور CSE طالب علم کو بھی 1.1 کروڑ روپے کا پیکیج ملا ہے۔ اس سے قبل ادارے کا سب سے بڑا پیکیج تقریباً 1 کروڑ روپے تھا، جو 2017 میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ سال 2025 میں نہ صرف سب سے بڑے پیکیج کا ریکارڈ ٹوٹا بلکہ اوسط پیکیج میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا۔ 2024 میں جہاں اوسط پیکیج 20.8 لاکھ روپے تھا، وہیں 2025 میں بڑھ کر 36.2 لاکھ روپے ہو گیا یعنی تقریباً 75 فیصد اضافہ۔

دسمبر میں ختم ہونے والے پلیسمنٹ کے پہلے مرحلے میں طلبہ کو مجموعی طور پر 24 بین الاقوامی آفرز ملیں۔ آفس آف کریئر سروسز کے فیکلٹی انچارج میور ویدیہ نے کہا، ہمارا بنیادی مقصد صرف بڑے پیکیج نہیں بلکہ یہ یقینی بنانا ہے کہ پلیسمنٹ کے خواہش مند ہر طالب علم کو اچھا موقع ملے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیک کمپنیوں کے ساتھ ساتھ پی ایس یو اور کور انجینئرنگ کمپنیوں کو ابتدائی سلاٹس دے کر کور برانچ کے طلبہ کو بھی بہتر مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ویدیہ نے مزید کہا کہ ادارہ زیادہ سے زیادہ کمپنیوں کو کیمپس میں لانے کے لیے اپنے لچکدار تعلیمی کیلنڈر، متنوع کورس ڈھانچے اور مضبوط نصاب کو اجاگر کر رہا ہے۔ پلیسمنٹ کے دوسرے مرحلے میں مزید پوسٹ گریجویٹ طلبہ کو ملکی کمپنیوں سے آفرز ملنے کی امید ہے۔

فی الحال، 650 پوسٹ گریجویٹ طلبہ میں سے 196 کو پلیسمنٹ مل چکی ہے، جن کا اوسط پیکیج 22 لاکھ روپے ہے۔ وہیں، پلیسمنٹ کے لیے رجسٹر کرنے والے 487 انڈرگریجویٹ طلبہ میں سے 62 فیصد کو اب تک نوکری کی پیشکش مل چکی ہے۔