ممبئی: حیدرآباد سے رکنِ پارلیمنٹ اور اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے کہا ہے کہ مہاراشٹر میں میونسپل کارپوریشن میں اتحاد کرنا ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔
انہوں نے کارپورٹروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی کونسلر یہ فیصلہ خود سے نہیں کر سکتا، ایسا کرنے پر اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اویسی نے کہا، اگر ہماری پارٹی کو توڑنے کی کوشش کی گئی تو عوام انہیں زوردار طمانچہ ماریں گے۔ بہار میں بھی ہماری پارٹی کو توڑنے کی کوشش ہوئی تھی، وہاں عوام نے انہیں طمانچہ مارا تھا۔
اسدالدین اویسی نے مزید کہا کہ اگر کوئی ہماری پارٹی کو توڑنے کی کوشش کرے گا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارپورٹر ہماری ہی پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہو کر آئے ہیں اور وہ کہیں نہیں جائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی ایم سی میں ہمارے 8 کارپورٹر جیت کر آئے ہیں۔ اویسی نے کارپورٹروں سے اپیل کی کہ وہ پارٹی سے مشورہ کیے بغیر خود سے کوئی فیصلہ نہ کریں۔