ای ڈی اگر مجھے گرفتار کرنا چاہے تو کر سکتی ہے: سوربھ بھاردواج

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-08-2025
ای ڈی اگر مجھے گرفتار کرنا چاہے تو کر سکتی ہے: سوربھ بھاردواج
ای ڈی اگر مجھے گرفتار کرنا چاہے تو کر سکتی ہے: سوربھ بھاردواج

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
ای ڈی نے منگل کو دہلی کے سابق وزیر صحت سوربھ بھاردواج کے گھر پر چھاپہ مارا۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر کے خلاف یہ کارروائی اسپتالوں کی تعمیر میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں کی گئی۔ ای ڈی کی چھاپہ ماری کے بعد بی جے پی اور آپ کے درمیان گھمسان شروع ہو گیا ہے۔ اس دوران سوربھ بھاردواج نے کہا کہ میں نے ای ڈی کی ٹیموں کو مجھے گرفتار کرنے کی پیشکش دی۔
دہلی آپ کے صدر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ میں نے ای ڈی کی ٹیموں سے کہا کہ اگر وہ مجھے گرفتار کرنا چاہتے ہیں تو کر سکتے ہیں۔ میں نے انہیں تین بار یہ پیشکش دی۔ میں اروند کیجریوال کا پیروکار ہوں۔ میں آپ کی مرضی کے مطابق کام نہیں کروں گا۔ میں کل ایک پریس کانفرنس کروں گا۔ وہ پریس کانفرنس کے بعد مجھے گرفتار بھی کر سکتے ہیں۔
سوربھ بھاردواج کے گھر ای ڈی کی چھاپہ ماری پر آتشی کا ردعمل
دہلی کی اپوزیشن لیڈر اور آپ کی رہنما آتشی نے کہا کہ ای ڈی نے سوربھ بھاردواج کی رہائش گاہ پر 20 گھنٹے تک تلاشی لی۔ سوربھ بھاردواج کے گھر پر چھاپہ کیوں مارا گیا؟ یہ چھاپہ صرف توجہ بھٹکانے کے لیے کیا گیا۔ آپ کی طاقت یہ ہے کہ وہ کبھی جھکتی نہیں اور اسی لیے بی جے پی آپ سے ڈرتی ہے۔
بی جے پی کا آپ پر حملہ
وہیں، ہندوستانی جنتا پارٹی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی دہلی یونٹ کے صدر اور سابق وزیر صحت سوربھ بھاردواج کے خلاف ای ڈی کے چھاپوں نے سابقہ اروند کیجریوال حکومت کے دور میں ہوئے طبی گھوٹالے کو بے نقاب کر دیا ہے۔ بی جے پی کی دہلی یونٹ کے صدر ویرندر سچدیوا نے کہا کہ ای ڈی کی چھاپہ ماری کے بعد اب گھبرائے ہوئے آپ لیڈر کہہ رہے ہیں کہ جب اسپتالوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا تھا تب بھاردواج وزیر نہیں تھے۔
سچدیوا نے کہا کہ اگرچہ یہ سچ ہو سکتا ہے لیکن اصل سوال یہ ہے کہ کیا آپ اس حقیقت سے انکار کر سکتی ہے کہ اسپتالوں کی اصل تعمیر کے دوران بھاردواج وزیر تھے۔" بی جے پی لیڈر سچدیوا نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ دہلی کی آپ حکومت اسپتالوں کی تعمیر اور دواؤں و آلات کی خریداری میں ہوئے گھوٹالے میں شامل تھی۔ انہوں نے کہا کہ دواؤں کی خرید میں ہوئے گھوٹالے کی جانچ بدعنوانی مخالف شاخ (اے سی بی) پہلے ہی کر رہی ہے۔
وہیں، دوسری جانب آپ نے منگل کو کہا کہ بھاردواج کے خلاف چھاپہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ڈگری کے بارے میں اٹھ رہے سوالوں سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے۔ پارٹی نے کہا کہ یہ ہمارے لیڈر کے خلاف جھوٹا مقدمہ ہے کیونکہ جب اسپتال کے تعمیر کا فیصلہ ہوا تھا، تب وہ وزیر نہیں تھے۔ سچدیوا نے کہا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ گھوٹالے کے وقت وزیر کون تھا کیونکہ ای ڈی اسپتالوں کی تعمیر میں بے ضابطگیوں کی جانچ کر رہا ہے، نہ کہ اس فیصلے کی جس کے تحت تعمیر کی منظوری دی گئی۔