آئی سی ایم آر اور ایمس نے کہا: دل کا دورہ کووڈ ویکسین کی وجہ سے نہیں

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-07-2025
آئی سی ایم آر اور ایمس نے کہا: دل کا دورہ کووڈ ویکسین کی وجہ سے نہیں
آئی سی ایم آر اور ایمس نے کہا: دل کا دورہ کووڈ ویکسین کی وجہ سے نہیں

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
آئی سی ایم آراور ایمس نے اس بات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے کہ دل کا دورہ (ہارٹ اٹیک) سے ہونے والی اموات کی وجہ کووِڈ ویکسین ہے۔ حال ہی میں کرناٹک کے ضلع ہاسن میں 22 سے زیادہ نوجوانوں کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی تھی، جس پر وزیر اعلیٰ سِددارمیّا نے سوالات اٹھاتے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی ماہر کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ 10 دن کے اندر رپورٹ دی جا سکے۔
کووڈ-19 ویکسین محفوظ اور مؤثر
آئی سی ایم آراور ایمس نے وزیر اعلیٰ کے خدشات کو غلط قرار دیا ہے۔ دونوں اداروں کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہندوستان میں اچانک ہونے والی اموات اور کووڈ ویکسین کے درمیان کوئی براہِ راست تعلق نہیں پایا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ کووڈ-19 ویکسین مکمل طور پر محفوظ اور مؤثر ہے اور اس کے سنگین ضمنی اثرات  نہایت کم معاملات میں دیکھنے کو ملے ہیں۔
آئی سی ایم آرکی تحقیق کیا کہتی ہے؟
آئی سی ایم آرکے "نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ایپیڈیمیالوجی" نے مئی سے اگست 2023 کے درمیان ایک مطالعہ کیا، جو ملک کے 19 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 47 بڑے اسپتالوں میں کیا گیا۔ اس تحقیق میں اُن افراد کی معلومات لی گئیں جو بظاہر صحت مند تھے لیکن اکتوبر 2021 سے مارچ 2023 کے درمیان اچانک فوت ہو گئے۔ اس تحقیق میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کووڈ ویکسین لینے سے اچانک موت کا خطرہ نہیں بڑھتا۔
ایمس کی تحقیق کیا ظاہر کرتی ہے؟
دوسرا مطالعہ ایمس نئی دہلی کی جانب سے کیا جا رہا ہے، جس میں حقیقی وقت میں موت کی وجوہات کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ 20 سے 45 سال کی عمر کے افراد میں سب سے زیادہ اموات دل کا دورہ پڑنے سے ہو رہی ہیں۔ اب تک کی معلومات سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ اموات کی وجوہات میں گزشتہ برسوں کی نسبت کوئی بڑا فرق نہیں آیا ہے۔ کئی معاملات میں یہ بھی پایا گیا کہ موت کی وجوہات کچھ جینیاتی خرابیاں ہو سکتی ہیں۔
حتمی نتیجہ
ان دونوں تحقیقی مطالعوں سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہندوستان میں نوجوانوں کی اچانک اموات کے پیچھے کووِڈ ویکسین نہیں، بلکہ پہلے سے موجود بیماری، جینیاتی عوامل اور غیر صحت مند طرزِ زندگی جیسے اسباب ذمہ دار ہیں۔
درحقیقت، کرناٹک کے ہاسن ضلع میں ایک ماہ میں 20 سے زیادہ نوجوانوں کی اچانک موت سے تشویش پیدا ہوئی تھی، جس پر وزیر اعلیٰ نے نہ صرف ویکسین بلکہ مرکز کی ویکسی نیشن پالیسی پر بھی سوالات اٹھائے تھے۔ تاہم، دونوں اداروں کی سائنسی تحقیق نے یہ واضح کر دیا ہے کہ کووِڈ ویکسین کا ان اموات سے کوئی تعلق نہیں۔