نئی دہلی: لوک سبھا میں جمعہ کے روز اس وقت خوشگوار اور ہلکے پھلکے مناظر دیکھنے کو ملے جب پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ کل ایوان میں وزیر قانون نے اپنی اہلیہ کے نام نظم پڑھی، جس کے بعد مجھے گھر میں بہت ڈانٹ پڑی کہ جب وزیر قانون شعر پڑھ سکتے ہیں تو آپ کیوں نہیں پڑھتے۔
یہ دلچسپ لمحے لوک سبھا میں خواتین ریزرویشن سے متعلق آئینی (131ویں ترمیم) بل 2026، حد بندی بل 2026 اور یونین ٹیریٹری لا (ترمیم) بل 2026 پر بحث کے دوران دیکھنے میں آئے۔ بحث کے دوران سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ آنند بھدوریا نے کہا کہ وزیر قانون ارجن رام میگھوال نے کل اپنے خطاب کے آخر میں اپنی اہلیہ کے لیے نظم پڑھی تھی، اس لیے وہ بھی ایک نظم سنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ نظم رات دو بجے تک لکھی ہے۔ اس کے بعد کرن رجیجو نے مزاحیہ انداز میں کہا، کل وزیر قانون نے اپنی اہلیہ کے لیے نظم پڑھی تھی، اور اس کے بعد مجھے گھر میں ڈانٹ پڑی کہ آپ کیوں نہیں پڑھتے۔ بعد ازاں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ خواتین، خاص طور پر ماں اور بہن کے طور پر، ہماری زندگیوں میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے ہلکے انداز میں کہا کہ ریجیجو جی نے ابھی جو بات کہی، وزیراعظم اور میرے ساتھ اہلیہ والا معاملہ نہیں ہے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ان کی بہن پرینکا گاندھی وادرا نے حالیہ خطاب میں جو کیا، وہ وہ خود برسوں میں بھی نہیں کر سکے، اور ان کی بات سن کر وزیر داخلہ امیت شاہ مسکرا دیے تھے۔