نئی دہلی/ آواز دی وائس
چیف جسٹس آف انڈیا سوریا کانت نے جمعہ کو کہا کہ غریب مقدمہ بازوں کے لیے انصاف یقینی بنانا ان کی سب سے اہم ترجیح ہے اور اگر ضرورت پڑی تو وہ ان کے لیے آدھی رات تک عدالت میں بیٹھنے کو تیار ہیں۔
چیف جسٹس نے یہ بات تِلک سنگھ ڈانگی نامی شخص کی جانب سے مرکز اور دیگر کے خلاف دائر عرضی کو خارج کرتے ہوئے کہی۔ اس دوران سی جے آئی کے ساتھ جسٹس جوی مالیہ بگچی بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس سوریا کانت نے کہا کہ میری عدالت میں کوئی بھی غیر ضروری یا عدالت کا وقت ضائع کرنے والا مقدمہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے غیر سنجیدہ مقدمے عموماً امیر لوگ ہی لڑتے ہیں۔
اپنی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آپ کو بتا دوں... میں یہاں سب سے چھوٹے... سب سے غریب فریق کے لیے ہوں۔ اگر ضرورت پڑی تو میں ان کے لیے آدھی رات تک یہاں بیٹھوں گا۔ ہریانہ کے ضلع ہِسار کے ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والے جسٹس سوریا کانت نے 24 نومبر کو ہندوستان کے 53ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا ہے۔ وہ تقریباً 15 ماہ تک اس عہدے پر رہیں گے اور 9 فروری 2027 کو ریٹائر ہوں گے۔