حیدرآباد،:تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے گچی باولی انڈور اسٹیڈیم میں آج ایک رنگا رنگ اور منفرد منظر اس وقت سامنے آیا جب دنیا بھر سے آئی ہوئی مس ورلڈ حسیناؤں نے نہ صرف اپنی خوبصورتی کا جلوہ دکھایا بلکہ کھیلوں کے میدان میں بھی اپنی بھرپور صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔یہ یادگار ایونٹ مس ورلڈ فاؤنڈیشن کے تحت "بیوٹی وِد پرپز" (مقصد کے ساتھ خوبصورتی) پروگرام کا حصہ تھا، جس کا مقصد خوبصورتی کے ساتھ صحت مند طرزِ زندگی، کھیلوں کی اہمیت، اور عالمی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
مس ورلڈ کی حسیناؤں نے بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، والی بال اور یوگا جیسے کھیلوں میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا، اور اپنی فٹنس، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا عملی ثبوت دیا۔ گچی باولی اسٹیڈیم کھیل، ثقافت اور عالمی دوستی کے رنگوں سے جگمگا اٹھا، جہاں مختلف ممالک کی نمائندہ حسینائیں دوستانہ ماحول میں ایک دوسرے سے سبقت لینے کی کوشش کرتی دکھائی دیں۔تلنگانہ حکومت کی جانب سے ان عالمی مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ایونٹ کے دوران حسیناؤں نے یوگا کی مشترکہ مشق بھی کی، جس کا مقصد ذہنی سکون اور جسمانی صحت کے توازن کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا تھا۔
شہریوں نے نہ صرف ان حسیناؤں کا پُرجوش استقبال کیا بلکہ ان کی اسپورٹس مین اسپرٹ کی بھی دل کھول کر تعریف کی۔ تلنگانہ کے اعلیٰ سرکاری عہدیداران، مقامی کھلاڑی، اور مس ورلڈ آرگنائزیشن کے نمائندے بھی اس پروگرام میں شریک ہوئے اور اس کی کامیابی کو سراہا۔
ذرائع کے مطابق، یہ ایونٹ نوجوان نسل کے لیے ایک مثبت پیغام لے کر آیا کہ خوبصورتی صرف ظاہری چہرے کی نہیں، بلکہ صحت، نظم، کردار اور جذبے کی بھی ہوتی ہے۔
یہ ایونٹ جہاں عالمی حسیناؤں کے درمیان ایک خوشگوار اور دوستانہ کھیل مقابلہ رہا، وہیں یہ تلنگانہ کی مہمان نوازی، ثقافتی عظمت اور ترقی پذیر اسپورٹس ڈھانچے کی ایک خوبصورت جھلک بھی بن کر سامنے آیا۔ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ پروگرام ریاست کے نوجوانوں کو صحت مند اور فعال طرزِ زندگی کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور حیدرآباد کو بین الاقوامی سطح پر ایک ابھرتے ہوئے ثقافتی و کھیلوں کے مرکز کے طور پر روشناس کرائے گا۔